بالی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ ودیا بالن نہ صرف پاکستانی ڈرامے دیکھتی اور پسند کرتی ہیں، بلکہ انہیں پاکستانی آرٹسٹوں کے بالی وڈ میں کام کرنے یا پھر بالی وڈ اداکاروں کا پاکستانی فلموں میں کام کرنے پر بھی کوئی پریشانی نہیں۔
پاکستانی اخبار ’ڈان‘ کو انٹرویو میں ’ڈرٹی پکچرز‘ اور ’پری نیتا‘ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کرنے والی ودیا بالن نے پاکستانی ڈراموں، میوزک اور اداکاروں کی تعریف میں کنجوسی سے کام نہیں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’میں ’زندگی چینل‘ پر پاکستانی ڈرامے دیکھتی ہوں۔ کوک اسٹوڈیو میں بہت زبردست میوزک ملتا ہے۔ ہندی میڈیم دیکھی تو صبا قمر کو فون کرکے ان کی عمدہ اداکاری کو سراہا اور مبارک باد دی۔ جو کوئی بھی اچھا کام کرے اس کی تعریف کرنا چاہئے۔ قومیت نہیں دیکھنی چاہئے۔‘‘
ودیا کا یہ بھی کہنا ہے ’’پاکستان اور بھارت میں مسئلے سیاست کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے عام آدمی کو ایک دوسرے سے کوئی شکایت ہے نہ ہی مسئلہ۔‘‘
ودیا بالن نے تسلیم کیا کہ پاکستان، بھارتی فلموں کی بڑی مارکیٹ ہے۔ ودیا نے کہا ’’پاکستانی ہماری فلمیں ویسے ہی شوق سے دیکھتے ہیں جیسے ہم ان کے ڈرامے اور میوزک سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔‘‘
اپنی آنے والی فلم ’تمہاری سیلو‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ودیا بالن نے کہا ’’یہ زندگی سے بھرپور لڑکی ہے جو گھربار کے ساتھ ساتھ ہر دم کچھ نیا کرنا چاہتی ہے۔ وہ ایک لیٹ نائٹ شو کی آر جے بننا چاہتی ہے اور بن جاتی ہے۔‘‘
توقع کی جا رہی ہے کہ فلم ’تمہاری سیلو‘ بغیر کسی رکاوٹ کے پاکستان میں ریلیز ہوجائے گی۔
کاسمیٹک سرجری کے دور میں اپنے اصل رنگ روپ کے ساتھ روایتی پہناوے ساڑھی میں ملبوس ہونے کے سوال پر ودیا کا جواب تھا ’’میں تو شروع سے ایسی ہی ہوں۔ لباس اور میک اپ پر زیادہ دھیان نہ دینے والی۔ لوگ مجھے اکثر یہ بتاتے ہیں کہ ہیروئن کو کیا پہننا چاہئےاور کیا نہیں۔ لیکن، میں اپنے روایتی لباس میں ہی خود کو آرام دہ محسوس کرتی ہوں۔‘‘
بالی وڈ میں تبدیلی کے بارے میں ودیا بالن نے کہا کہ اب سے کچھ سال پہلے تک نوجوان کم عمر ہیروئنز کے رول ہی ہوتے تھے۔ لیکن، اب میری عمر کی ہیروئنز کے لئے بھی رول لکھے جا رہے ہیں۔ میرے لئے خاص طور پر کردار تخلیق کئے جا رہے ہیں۔ میں ایسی ہی فلمیں کرتی ہوں جن پر مجھے یقین ہو۔ کردار چاہے سنجیدہ ہو یا پھر ہلکا پھلکا میں اپنے کام کو انجوائے کرتی ہوں۔‘‘