کراچی کےایٹریم سنیما کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب سے انہوں نے پاکستانی فلموں کے پوسٹرز لگائے ہیں لوگوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے
کراچی —
پاکستان میں سات یا آٹھ سال بعد پہلی مرتبہ عیدالفطر کے موقع پر کوئی بھی بھارتی فلم ریلیز نہیں ہوگی۔ اس کے بدلے، اس بار عید پر بیک وقت تین پاکستانی فلمیں ’میں شاہد آفریدی ہوں’ ، ’عشق خدا‘ اور ’جوش‘ سنیما گھروں کی زینت بننے والی ہیں۔
طویل عرصے سے زوال پذیر پاکستان فلم انڈسٹری اور فلم بینوں کے لئے یہ بڑی خوشخبری ہے۔ ایسا اس لئے کیا جا رہا ہے کہ تہواروں کے موقع پر فلم بینوں کی ایک بڑی تعداد سنیما گھروں کا رُخ کرتی ہے۔ لہذا، پاکستانی فلم انڈسٹری کو اس سے سہارا ملے گا اور ہو سکتا ہے اسی طرح یہاں کی انڈسٹری کے سنہری دن پلٹ آئیں۔
کراچی اور لاہور سمیت تمام بڑے چھوٹے شہروں میں ان فلموں کی پروموشن جاری ہے۔ کراچی میں متعدد جگہوں خاص طور پر سنیما گھروں میں ان کے آس پاس فلمز کے بڑے بڑے پوسٹرز آویزاں ہیں۔
کراچی کے ایٹریم سنیما کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب سے انہوں نے پاکستانی فلموں کے پوسٹر ز لگائے ہیں لوگوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ اکثر کو پوسٹر دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ یہ پاکستانی فلم کے ہیں، وہ اس کی تصدیق کئے بغیر نہیں رہ پاتے۔
تینوں فلمیں اپنے موضوع اور ٹریٹیمنٹ کے لحاظ سے ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔ فلم ’میں شاہد آفرید ی ہوں‘ کو لیکر آرہے ہیں ٹی وی کے معروف اداکار ہمایوں سعید۔
فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں پاکستان کے انتہائی ٹیلنڈڈ آرٹسٹس آمنہ شیخ، خود ہمایوں سعید اور احسن خان۔ یہ نہ صرف اسپورٹس کے موضوع پر بننے والی پہلی پاکستانی فلم ہے بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے اس وقت کے تقریباً تمام نمایاں افراد اس فلم کا حصہ ہیں۔
شاہد آفرید ی کے پرکشش ’برانڈ نیم‘ کے علاوہ بڑے بجٹ سے بننے والی یہ فلم دلکش گانوں اور گیتوں سے سجی ہے۔ عید کے موقع پر یہ 35سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
’میں ہوں ۔۔۔‘ کے علاوہ شہزاد رفیق کی فلم’عشق خدا‘ اور ارم پروین بلال کی انٹرنیشنل لیول پر پذیرائی حاصل کرنے والی چھوٹے بجٹ کی فلم ’جوش‘ بھی پاکستانی فلموں کے چاہنے والوں کے لئے عید کا خصوصی تحفہ ہوگی۔
فلم ’عشق خدا‘ بھی 35سینما گھروں میں ریلیز ہو گی۔ فلم ٹریڈ سے جڑے پنڈتوں اور تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے ’عشق خدا‘، ’میں شاہد آفریدی ہوں‘ کو ’ ٹف ٹائم دے ۔تجزیہ کاروں کے مطابق پنجاب سرکٹ میں فلم کے اچھا بزنس کرنے کی توقع ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ’عشق خدا‘ 20سے 30ملین روپے کا بھی بزنس کر گئی تو یہ بڑی کامیابی ہو گی۔
ان دونوں فلموں کے مقابلے میں تیسری فلم ارم پروین بلال کی ’جوش‘ ہے۔ یہ فلم دنیا بھر کے فلمی میلوں میں پہلے ہی خاصی داد سمیٹ چکی ہے۔
مبصرین کے مطابق پہلی دونوں فلموں کے مقابلے میں ’جوش‘ کی مارکیٹنگ اور پروموشن پر اتنی توجہ نہیں دی گئی جتنی دی جانی چاہئے تھی۔ پھر یہ سرپرائز پیکیج ثابت ہو سکتی ہے کیوں کہ ’جوش‘ میں کچھ اداکاروں نے غیر معمولی پرفارمنس دی ہے جو یقینا ًدیکھنے والوں کو بھی پسند آئے گی۔