پاکستان کے بہت سے ٹیلنٹڈ اسٹارز بالی وڈ میں اپنے فن کے جوہر دکھا کر داد وصول کررہے ہیں۔ ڈیشنگ فواد خان ہوں یا ورسٹائل ایکٹر اور سنگرعلی ظفر ۔۔پاکستانی آرٹسٹوں کی بھارت میں پسندیدگی اور مقبولیت کا گراف دن بہ دن اونچا ہوتا جا رہا ہے۔
تفریحی دنیا کو کور کرنے والی ویب سائٹ ’برانڈ سیناریو‘ کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ کچھ اور ٹی وی اسٹارزبھی ’بالی وڈ بینڈ ویگن‘ کو جوائن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ مثال کے طور پر:
عدیل حسین
چارمنگ، گڈ لکنگ اور ایکٹنگ کی صلاحیتوں سے سرشار، عدیل حسین کو لوگ پاکستان کا جان ابراہم بھی کہتے ہیں۔ عدیل نے منتخب ڈراموں میں کام کیا۔۔’متاع جاں ہے تو‘ ، ’محبت صبح کا ستارہ ہے‘ اور ’دام‘ عدیل کے سپر ہٹ ڈرامے ہیں۔ ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اگر انہوں نے مستقبل میں بالی وڈ کا رخ کیا تو یقینا بہت کامیاب رہیں گے۔
ماہرہ خان
بھارتی ٹی وی پر پاکستانی ڈرامے ’ہم سفر‘ کی نمائش’بلاک بسٹر‘ ثابت ہوئی۔ ڈرامے کی ہیروئن خرد یعنی ماہرہ خان کو بھارتی ویورز نے بے حد سراہا۔ ماہرہ کو دیکھ کریہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ یش راج فلموں کی پرفیکٹ ہیروئن ثابت ہوسکتی ہیں۔۔۔اس لئے اگر ما ہرہ یش راج کی کسی فلم میں نظر آئیں تو یہ کچھ زیادہ حیرت کی بات نہیں ہوگی۔
آمنہ شیخ
تیکھے نین نقش والی آمنہ شیخ نے نہ صرف ڈراموں میں اپنا نام بنایا بلکہ فلموں میں کام کر کے بھی متعدد ایوارڈز حاصل کئے ۔ان میں نیویارک فلم فیسٹول میں ملنے والا بیسٹ ایکٹریس ایوارڈ بھی شامل ہے۔
ایک انٹرویو میں آمنہ شیخ نے بتایا تھا کہ انہیں پریانکا چوپڑہ اچھی لگتی ہیں اور وہ رنبیر کپور کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔۔ویب سائٹ کا خیال ہے کہ ہوسکتا ہے آمنہ کے فینز انہیں جلد ہی رنبیر کپور کی ہیروئن کے روپ میں دیکھیں۔
حمزہ علی عباسی
حمزہ علی عباسی نے ڈرامہ ’پیارے افضل‘ میں افضل کا مرکزی کردار اتنے شاندار انداز میں ادا کیا کہ لوگ اب انہیں حمزہ نہیں بلکہ پیارے افضل کہہ کر بلاتے ہیں۔ خوبصورت پرسنالٹی کے مالک حمزہ ایکٹنگ بھی بہت منجھے ہوئے انداز میں کرتے ہیں اور اسی وجہ سے کم وقت میں وہ شہرت کی کئی سیڑھیاں پھلانگ چکے ہیں۔
’میں ہوں شاہد آفریدی‘ اور ’وار‘ جیسی ہٹ پاکستانی فلموں میں کام کرنے والے حمزہ اپنے ٹیلنٹ کے بل بوتے پر بالی وڈ میں کسی بھی وقت دھماکے دار انٹر ی دے سکتے ہیں۔
صنم سعید
ٹی وی ڈراموں کے شوقین پاکستانی و بھارتی ناظرین کے لئے صنم سعید نئی ہیں نا ان کا کام۔ چھوٹی عمر میں اپنی پختہ اداکاری اور خوبصورت شخصیت سے صنم نے اپنا ایک الگ مقام بنا لیا ہے۔ ہٹ ڈرامہ سیریل کی ویمپ ’فضا‘ ہو یا پھر’زندگی گلزار ہے‘ کی مڈل کلاس کی جدوجہد کرتی’کشف ‘۔۔صنم نے ہر رول میں اپنا ٹیلنٹ منوایا ہے۔
صنم ٹی وی کے علاوہ تھیڑ میں بھی دو ڈرامے’شکاگو‘ اور ’دھانی‘ میں بھی کام کر چکی ہیں۔ ’زندگی گلزار ہے‘ کے ذریعے صنم کا کام بالی وڈ کے فلم میکرز تک بھی پہنچا ہے اور امید یہی ہے کہ صنم بہت جلد کسی بڑے بینر کی بالی وڈ فلم کا حصہ بنتی نظرآئیں گی۔