بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ، عامرخان کی فلم ’پی کے‘ جب سے ریلیز ہوئی ہے، باکس آفس کے کیش رجسٹر کی ’کھٹاکھٹ ‘رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ اور یہی وجہ ہے کہ ’پی کے‘ نے بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
بھارتی اخبار ’فائنانشیل ایکسپریس‘ کے مطابق، عامرخان اور انوشکا شرما کی ’پی کے‘ نے مجموعی طور پر 400 کرو ڑ سے بھی زیادہ کا ہندسہ تین ہفتوں کی مدت میں عبور کرلیا ہے اور اگر فلم کے لئے لوگوں کا کریز اسی طرح جاری رہا تو فلم بہت جلد 500 کروڑ کے جادوئی ہندسے تک پہنچ کرمزید ایک نئی تاریخ بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔
بھارت میں ’پی کے‘ کے خلاف ہونے والا احتجاج بھی فلم کی مقبولیت پر اثرانداز نہ ہوسکا۔ عامرخان کی چاہت اور انوشکا کی کشش فلم بینوں کو باربار سینما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔
بھارت میں فلم کے تین ہفتوں کے باکس آفس کلیکشنز 300 کروڑ سے زیادہ ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔ انہی اعداد و شمار نے ’پی کے‘ کو بھارتی سینما کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بنا دیا ہے۔
تازہ ترین کلیکشن رپورٹ کے مطابق، اوورسیز میں ’پی کے‘ اب تک 150کروڑ سے زیادہ کما چکی ہے، جبکہ بھارت میں فلم کا باکس آفس کلیکشن 320کروڑ سے بھی زیادہ ہوگیا ہے۔
اوورسیز میں کمائی کے لحاظ سے ’پی کے‘ عامرخان کی ہی دو فلموں ’دھوم 3‘ اور ’3 ایڈیٹس‘ سے ہی پیچھے ہے۔