لاہور: پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں جھڑپیں
لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے اطراف پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان دوسرے روز بھی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس کی کارروائی جاری ہے جس میں اسے لاہور پولیس کی معاونت بھی حاصل ہے۔
سابق وزیرِ اعظم کی گرفتاری کے لیے منگل کو شروع ہونے والی پولیس کارروائی بدھ کو بھی جاری ہے۔
زمان پارک اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جب کہ آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا بھی استعمال کیا۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ میں پولیس کے 30 سے زیادہ اہلکار زخمی ہوئے جب کہ پی ٹی آئی کے 15 کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
عمران خان کا دعویٰ ہے کہ وہ گرفتاری دینے کے لیے تیار ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ وہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرا رہی ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کے لیے جاری آپریشن کے دوران کشیدہ صورتِ حال کے بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کشیدہ صورتِ حال کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں۔
کشیدہ صورتِ حال کے باعث قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ سے پولیس کی اضافی نفری زمان پارک پہنچ چکی ہے۔
پی ٹی آئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے کارکنان کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان منگل کو ہی جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔