احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ ریاست منی سوٹا کے مختلف شہروں تک پھیل گیا ہے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس، فلیش گرنیڈ اور ربڑ کی گولیاں بھی استعمال کیں۔
جھڑپوں کے دوران مشتعل مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں پر پینٹ پھینکا جب کہ پولیس اسٹیشنز پر بھی پتھراؤ کیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں پولیس اہلکار جارج فلوئیڈ کی گردن کو گھٹنے سے دبا رہا ہے جس پر وہ کراہتا ہے کہ میرا سانس گھٹ رہا ہے۔ مجھے قتل مت کرو۔ یہ واقعہ پیر کی شب پیش آیا۔
بعد ازاں مذکورہ شخص کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ دوران علاج ہی چل بسا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نشے کی حالت میں ایک شخص کی گاڑی کی چھت پر بیٹھا ہوا تھا جسے اُترنے کا کہا گیا تو اس نے مزاحمت کی اس دوران اس کی ہلاکت ہوئی۔
کئی مظاہرین نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے اور وہ مسلسل پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کو المیہ قرار دیتے ہوئے فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) سے کہا ہے کہ وہ بھی واقعے کی تحقیقات کے لیے مقامی اداروں کی معاونت کرے۔