بیک ٹوبیک ہٹ فلمیں دینے والے علی ظفر بالی وڈ کی ضرورت بنتے جارہے ہیں۔ ملٹی ٹیلنڈڈ علی ظفر کو فلمی حلقے ہندی فلموں کا نیا ’لور بوائے‘ قرار دے رہے ہیں
دس سا ل سے اپنی مخملیں آواز اور پختہ گائیکی کے بل پر بالی وڈ پر راج کرنے والے گلوکار راحت فتح علی خان جس کے فین ہیں وہ کوئی اور نہیں بلکہ گولڈن وائس کے مالک چارمنگ علی ظفر ہیں جو خود بھی رومینٹک کامیڈی ہیرو کے طور پر ہندی فلم انڈسٹری میں اپنا جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
سروں کے بادشاہ راحت فتح علی خان سے جب ایک اخبار ی انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ انہیں عاطف اسلم اور علی ظفر میں سے کس کی آواز زیادہ پسند ہے تو ان کا جواب تھا ’علی ظفر‘کی۔ یقینا یہ علی ظفر کے لئے بھی اعزاز کی بات ہے کہ اپنے دور کا عظیم گائیک انہیں پسندیدگی کی سند عطا کرے۔
پبلسٹی فرم ”انسائیکلومیڈیا“ نے وائس آف امریکہ کو بتایا” فرانس میں ہونے والے کینز فلم فیسٹول میں شرکت کے بعد واپس لوٹنے والے علی ظفر ان دنوں اپنی نئی فلم ’امن کی آشا‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس کی شوٹنگ مارچ میں مکمل کی گئی۔
ایک ایسے وقت میں جب بالی وڈ کے بہت سے اے کلاس ایکٹرز کی فلمیں بھی بزنس نہیں کرپارہیں، بیک ٹوبیک ہٹ فلمیں دینے والے علی ظفر بالی وڈ کی ضرورت بنتے جارہے ہیں۔ ملٹی ٹیلنڈڈ علی ظفر کو فلمی حلقے ہندی فلموں کا نیا ’لور بوائے‘ قرار دے رہے ہیں جو ایکٹنگ کے ساتھ ساتھ گانے بھی مہارت اور خوبی سے گاتے ہیں۔
اس سب کے باوجود بطور ایکٹر علی ظفر اپنے آپ کو کسی مخصوص فریم میں فٹ کرنے کے بجائے نئے تجربات کرنے سے گھبراتے نہیں بلکہ کسی بھی غیر معمولی پروجیکٹ کو کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔ اس کی ایک مثال یش راج بینرز کی آنے والی ایکشن فلم ’کل بل‘ ہے جس میں علی گاتے گنگناتے چاکلیٹی ہیرو کے بجائے بالکل مختلف روپ میں دکھائی دیں گے۔
علی کے پرستارنہ صرف فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں بلکہ انہیں امید ہے کہ علی کی یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب رہے گی۔