|
ویب ڈیسک _ بالی وڈ اداکار سیف علی خان ممبئی میں اپنی رہائش گاہ میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بدھ کی شب پیش آیا جب چند نامعلوم افراد اداکار کی رہائش گاہ میں گھسے۔ اس دوران مزاحمت میں سیف زخمی ہو گئے۔
'اے این آئی' کے مطابق جب سیف نے صورتِ حال کو پُرسکون کرنے کی کوشش کی تو نامعلوم افراد مشتعل ہو گئے۔
اداکار کو فوری طور پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
باندرا کے ڈی سی پی نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیف کے گھر بدھ کی رات تقریباً ڈھائی بجے ڈکیتی کی کوشش کی گئی۔
ان کے بقول واقعے میں سیف زخمی ہوئے ہیں جو اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ تاہم ان کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔
بھارتی اخبار 'انڈین ایکسپریس' کے مطابق سیف کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ باندرا میں اداکار کی رہائش گاہ پر ڈکیتی کی کوشش کی گئی ہے۔ سیف اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
سیف کی ٹیم نے ان کے چاہنے والوں اور میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ تحمل رکھیں کیوں کہ یہ پولیس کا معاملہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ اس بارے میں آگاہ رکھیں گے۔