بالی وڈ اداکار سلمان خان نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'انسٹاگرام' پر اپنے پرستاروں کے لیے ایک گانا شیئر کیا ہے جو خصوصی طور پر کرونا وائرس سے متعلق آگاہی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس گانے کے ساتھ ہی انہوں نے یہ پیغام بھی جاری کیا ہے کہ دلی طور پر ایک دوسرے کے قریب رہو مگر سماجی طور پر دور رہو۔
یہ گانا سلمان خان نے حسین دلال کے ساتھ مل کر لکھا ہے جب کہ موسیقار ساجد واجد نے اسے کمپوز کیا ہے۔
گانا لکھنے کے ساتھ ساتھ سلمان خان نے اسے گایا بھی ہے۔ گانا ریلیز کرنے سے ایک روز انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے فالوورز کو پیغام دیا تھا کہ وہ پیر کو اپنے یوٹیوب چینل پر ایک گانا اپ لوڈ کرنے والے ہیں۔ امید ہے کہ آپ اسے سنبھال لیں گے۔
گانا ریلیز کرنے سے قبل بھی سلمان خان سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز کے ذریعے عوام میں کرونا وائرس سے آگاہی فراہم کرتے رہے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے ایک پیغام بھی جاری کیا تھا اور ایسے لوگوں کو 'جوکر' سے تشبیہہ بھی دی تھی۔
سلمان خان ان دنوں سب سے الگ تھلگ رہ رہے ہیں اور اپنے فارم ہاؤس پر مقیم ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق بھارت میں پیر تک کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 543 ہو گئی ہے۔