کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بھارت میں جاری لاک ڈاؤن کے باعث بالی وڈ فلم انڈسٹری کے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور متاثر ہو رہے ہیں۔ ان مزدوروں کی مالی امداد یا کفالت کے لیے میگا اسٹار سلمان خان سمیت کئی فن کار میدان میں آ گئے ہیں۔
سلمان خان نے انڈسٹری سے وابستہ 25 ہزار مزدورں کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلمان خان اس سے قبل بھی بالی وڈ کے مختلف اسٹوڈیوز میں کام کرنے والے مزدوروں اور غریب طبقات کی مدد کرتے رہے ہیں۔
سلمان خان کے والد سلیم خان نے بتایا کہ نہ صرف 25 ہزار مزدوروں کی مالی امداد کی جارہی بلکہ سلمان خان کے سیکیورٹی گارڈز سمیت ان کی رہائش گاہ میں کام کرنے والے دیگر افراد کی بھی مالی ضروریات کا خیال رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے تین بیٹے ارباز خان، سہیل خان اور سلمان خان ایک پروڈکشن ہاؤس کے مالک ہیں اور انہوں نے یہاں کام کرنے والے تمام ورکرز کو بھی تنخواہیں دے دی ہیں۔
سلمان کے بھائی ارباز خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام ملازمین کو اپنے اپنے گھروں تک محدود رہنے کا کہا ہے۔ ان کی تنخواہوں سمیت دیگرضروریات کا بھی خیال رکھا جارہا ہے۔
سلمان خان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ امدادی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ وہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے علاج کے لیے وہ ہر ماہ پانچ لاکھ روپے عطیہ کرتے ہیں۔
سلمان خان بالی وڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی متعدد فلموں نے کئی کئی سو کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ ان کی اکثر فلمیں عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہوتی ہیں جو ریلیز کے چند ہی دنوں میں سوکروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔
سلمان خان کے علاوہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے قائم کے گئے پی ایم کیئرز فنڈز میں اکشے کمار، ورون دھون، کرن جوہر، بھوشن کمار اور کئی دیگر فن کاروں نے بھی عطیات جمع کرائے ہیں۔