’بھارت میں سب سے سیانا کون؟‘۔۔ یہ شاہ رخ خان بتائیں گے

’انڈیا پوچھے گا سب سے شانا کون؟‘ ایک ایرانی گیم شو ’ہو از آسکنگ‘ کا ہندی ورژن ہے اور شاہ رخ خان آپ کو بہت جلد اس ٹی وی پروگرام کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے۔ لفظ ’شانا‘ دراصل ممبئی کی مقامی زبان و انداز کے مخصوص لہجے میں بولا جانے والا لفظ ہے جس سے مراد ’سیانا‘ ہے

کراچی .. ایک کہاوت ہے کہ پرندوں میں سب سے سیانا یعنی سمجھدار اور سوجھ بوجھ رکھنے والا پرندہ ’کوا‘ ہوتا ہے۔۔ لیکن، اب جب بھی ’انڈیا پوچھے گا سب سے شانا کون‘ ۔۔تو اس کا جواب شاہ رخ خان ہی دیں گے۔

جی بالکل۔۔ آپ بھی بہت سمجھ دار ہیں۔ آپ نے درست اندازہ لگایا ہے کہ ’انڈیا پوچھے گا سب سے شانا کون؟‘ ایک ایرانی گیم شو ’ہو از آسکنگ‘ کا ہندی ورژن ہے اور شاہ رخ خان آپ کو بہت جلد اس ٹی وی پروگرام کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے۔

لفظ ’شانا‘ دراصل ممبئی کی مقامی یا ’ٹکسالی‘ زبان و انداز کے مخصوص لہجے میں بولا جانے والا لفظ ہے، جس سے مراد ’سیانا‘ ہے یعنی’سمجھدار۔۔‘یا۔۔ ’سوجھ بوجھ والا‘۔

ٹی وی کا چھوٹا سا اسکرین اس بڑے فنکار کے لئے نیا نہیں ہے۔ اپنے کیرئیر کا آغاز ہی انہوں نے ’فوجی‘ اور ’سرکس‘ نامی کامیاب سیریلز سے کیا تھا۔

یہی نہیں، بلکہ اپنے کیرئیر کے عروج میں بھی وہ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ اور ’کیا آپ پانچویں پاس سے تیز ہیں؟‘ اور ’زور کا جھٹکا‘ جیسے گیم شو ز کرکے بھی اپنا سکہ جما چکے ہیں۔

شاہ رخ کا اسٹارڈم اور عروج کا سفر اب بھی جاری ہے اور امید ہے کہ نیا گیم شو ’انڈیا پوچھے گا سب سے سیانا کون؟‘ اس میں چار چاند لگا دے گا۔ شاہ رخ خان نے گزشتہ ہفتے شو کی لاونچنگ کے موقع پر بھی خود بھی ’انڈوایشین نیوز ایجنسی‘ سے اس کی توقع ظاہر کی۔

شاہ رخ کہتے ہیں، ’انڈیا پوچھے گا سب سے سیانا کون‘ بہت منفرد پروگرام ہوگا۔

اس میں ایک عام آدمی سوال پوچھے گا۔ عام آدمی ہی اس کا جواب دے گا اور درست جواب کے بدلے ہی ڈھیروں انعام پائے گا۔

ان کا شو کے حوالے سے یہ بھی کہنا ہے کہ ’سوالات بالکل عام نوعیت کے ہوں گے، جن کے جوابات دینا بھی عوام کو آسان لگے گا۔ کچھ سوال تو بہت ہی سرپرائزنگ بھی ہوں گے۔ یعنی ایسے سوالات جن کے بارے میں شاید کم ہی لوگوں نے کبھی سوچا ہوگا۔ انہیں بوجھنے کے لئے دانشور یا ہر شعبے کا ماسٹر ہونا بھی شرط نہیں۔ میری کوشش تو بس یہی ہوگی کہ شو سب کو بھرپور تفریح فراہم کرے ۔۔ سب کومزہ آئے۔‘

اخبار ’دی انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق، یہ شو ۔۔’زی نیٹ ورک‘ کے نئے چینل ’اینڈ ٹی وی‘ سے 2مارچ میں شروع ہوگا۔