کوئی پرستار اپنے پسندیدہ فنکار سے کس حد تک محبت کرسکتا ہے، اس کا کوئی پیمانہ ابھی تک ایجاد نہیں ہوا ۔ بھارتی شہر لکھنو کے رہائشی 38 سالہ وشال سنگھ کے پاس بھی اپنے پسندیدہ ترین فنکار شاہ رخ خان سے اپنی محبت اور لگن کو ناپنے اور اسے ظاہر کرنے کا کوئی پیمانہ نہیں ہے۔ وہ شاہ رخ سے اس قدر محبت کرتے ہیں کہ لفظ’ محبت‘بھی ان کی بے پناہ محبت کے آگے” محدود“ محسوس ہوتا ہے۔ حرف عام میں اس محبت کو ”بلاکی دیوانگی“ ہی کہا جاسکتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے وشال کی شاہ رخ خان سے دیوانگی کی حد تک محبت کے مختلف پہلووٴں کو اپنی ایک خاص رپورٹ میں بیان کیا ہے جس کے مطابق وشال پیشے کے اعتبار سے تاجر ہیں اور ان کا پسندیدہ مشغلہ فلمیں ۔۔۔اور وہ بھی خاص کر شاہ رخ خان کی فلمیں دیکھنا ہے ۔
وہ شاہ رخ خان کی ’پوجا ‘کرتے ہیں ، ان کی محبت میں وشال نے اپنا گھر صنم کدہ بنایا ہوا ہے۔ گھر کا کوئی کونہ ایسا نہیں جہاں شاہ رخ کی تصویر نہ لگی ہو۔ انہوں نے گھر کی تمام دیواروں پر انچ ،انچ کے فاصلے پر شاہ رخ خان کی تصویریں پلاسٹر کرائی ہوئی ہیں۔ دیواروں پر ٹائلز سے بڑا بڑا شاہ رخ خان کا نام لکھوایا گیا ہے۔
کمروں میں بطور انیٹرئیر شاہ رخ کے بڑے بڑے پوسٹرز، کٹ آوٴٹس اور ان کی مورتیاں بھی سجی ہوئی ہیں۔ اس کہانی کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ وشال کی جس روز شادی تھی ، اس سے ایک رات قبل وہ 1300 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ممبئی میں شاہ رخ خان کے گھر کے باہر ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے تاب کھڑے تھے۔
یہ تو کچھ بھی نہیں ۔ وشال کا کہنا تو یہاں تک ہے کہ وہ اپنے پیارے فنکار کے لئے کچھ بھی کرگزرنے پر تیار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وشال اپنے گھر کوشاہ رخ خان کی درگاہ کہتے ہیں۔اس گھر میں موجود تکیوں تک پر شاہ رخ خان کی تصویر والے غلاف آپ کو نظرا ٓئیں گے۔
دیوانگی کی انتہا تو یہ ہے کہ انہوں نے اپنا نام تک تبدیل کرکے ” وشارخ خان“ رکھ لیا ہے ۔ چلئے یہاں تک تو ٹھیک تھا مگر دیوانگی کے اس درجہ کو آپ کیا کہیں گے کہ وشال نے اپنے بیٹے کا نام بھی وہی رکھا ہے جو شاہ رخ خان کے بیٹے کا نام ہے یعنی آریان۔ جبکہ وشال نے اپنی بیٹی کا نام ”سمرن “اس لئے رکھا ہے کہ شاہ رخ خان کی سپر ہٹ فلم ” دل والے دلہنیا لے جائیں گے“ کی ہیروئن کاجول کا نام فلم میں ’سمرن‘ ہی تھا۔
وشال کی اس دیوانگی پر ان کے اہل خانہ کیا سوچتے ہیں، اس سوال پر وشال کا کہنا ہے کہ پہلے پہل گھروالے یہ سب دیکھ کر پریشان ہوتے تھے مگر بعد میں انہیں بھی احساس ہوگیا کہ شاہ رخ سے میرا پیار کبھی ختم نہیں ہوسکتا لہذا انہوں نے اس صورتحال سے سمجھوتا کرلیا ہے۔
وشال اپنی بیوی رچی سنگھ کو بھی لکھنو سے ممبئی لاکر شاہ رخ خان کا دیدار کراچکے ہیں۔ شاہ رخ اکثر اپنے گھر آنے والے پرستاروں سے ملتے رہتے ہیں ،وہ وشال سے ان کے گھر آنے کا وعدہ بھی کرچکے ہیں مگر ابھی تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔
گزشتہ ہفتے شاہ رخ خان کا 46 واں جنم دن تھا اور اس خوشی میں وشال نے بدھ کے روز ریلیز ہونے والی ان کی نئی فلم” را۔ون “دیکھی حالانکہ ایک ہفتے کے دوران وہ تین مرتبہ پہلے بھی یہ فلم دیکھ چکے تھے۔ وشال کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے چہیتے فنکار کی سالگرہ پر کیک کاٹا، ڈانس کیا اور چوتھی بار ان کی فلم ”را۔ون “دیکھی اور خوب انجوائے کیا۔
وشال سنگھ اور ان کی بیوی رچی سنگھ کے گھر، موبائل فون اور گاڑی پر شاہ رخ خان کی تصویریں کیسی لگتی ہیں آپ بھی دیکھئے اس سلائیڈ شو میں۔