ہالی وڈ کے بعدسینما کی تفریحی دنیا میں اگر کسی کا سکہ چلتا ہےتو وہ ہے بالی وڈ ۔۔۔ اور اگربالی وڈ کی ہی ایک فلم ستیہ کے مشہور ڈائیلاگ 'بمبئی کا کنگ کون۔۔۔؟' کو تھوڑی ترمیم سے کہا جائے تو یہ کچھ اس طرح ہوگا۔۔ 'بالی وڈ کا کنگ کون؟'...اور اس کا ہرکوئی ایک ہی جواب دے گا ۔۔۔ شاہ رخ خان۔
بھارتی دارالحکومت دہلی میں 2 نومبر 1965 کو متوسط مسلمان گھرانے میں جنم لینے والے شاہ رخ خان نے اپنے خوابوں کو سچ کرنے کی جدوجہد سے لے کر فلم نگری کے بلند ترین مقام تک پہنچنے اور سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے اداکار تک کا سفر دشوار گزار راستوں اور بدترین حالات سے گزر کر اپنی ہمت، عزم اور کچھ کر دکھانے کے جنون کے بل پرطے کیا۔
ٹی وی سیریل فوجی سے انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے شاہ رخ خان کو فلموں میں پہلا بڑا بریک دلانے والی فلم دیوانہ تھی جو 1992 میں ریلیزہوئی۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد شاہ رخ خان نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
1993 میں فلم ڈر میں ولن کا کردارایسے نبھایا کہ دیکھنے والوں کو اب تک یاد ہے۔ بازیگر، دل والے دلہنیا لے جائیں گے،دل توپاگل ہے،کچھ کچھ ہوتا ہے، دیوداس، چک دے انڈیا ،مائی نیم ازخان اور رئیس۔۔ یہ وہ فلمیں ہیں جنہوں نے شاہ رخ خان کو سینما انڈسٹری میں آئیکون کا درجہ دلانے میں اہم کردارادا کیا۔
اپنی میگا ہٹ فلموں میں راج کے نام سے جانے والے شاہ رخ خان نے بالی وڈ میں 27 سال مکمل کرلیے۔ آج شاہ رخ خان کی آمدنی چھ سو ملین ڈالرز ہے۔ شاہ رخ خان کہاں کہاں کن کن اثاثوں کے مالک ہیں ، ایک بھارتی میگزین نے اس پر سے پردہ اٹھاتے ہوئے اپنی رپورٹ میں اثاثوں کی تفصیلات کچھ اس طرح رقم کی ہیں:
بھارت میں جائیدادیں :
شاہ رخ خان اپنے خاندان کے ساتھ ممبئی کے ایک عالیشان گھرمیں رہتے ہیں جس کا نام منت ہے۔اس گھرکی مالیت بھارتی روپوں میں دوسوکروڑ روپے ہے۔اس کے علاوہ شاہ رخ کا علی باغ میں ایک فارم ہاؤس بھی ہے جس کا نام ڈیجا وو فارمز ہے۔
دنیا بھرمیں جائیدادیں:
دبئی کے پام جمیرا میں ولا کے نائنٹی تھری کے مالک بھی شاہ رخ خان ہیں۔ شاہ رخ کے اس ہالیڈے ہوم کی مالیت بھارتی کرنسی میں سترہ کروڑ ہے۔یہی نہیں،لندن کے پارک لین میں بھی شاہ رخ خان کا ایک گھر ہےجس کی قیمت بھارتی ویب سائٹ پنک ولا کے مطابق 167کروڑ روپے ہے۔
گاڑیاں اور بائیکس :
کنگ خان بہت سی لگژری گاڑیوں اورمہنگی ترین بائیکس کے مالک بھی ہیں۔ان میں آئوڈی اے سکس،بی ایم ڈبلیوآئی ایٹ،بی ایم ڈبلیو سیون سیریز،کنورٹیبل بی ایم ڈبلیو سکس سیریز،مٹسوبیشی پجارو ایس ایف ایکس،ٹویوٹا لینڈ کروزر،رولز رائس فینٹم ڈراپ ہیڈ کو،بینٹلی کونٹیننٹل جی ٹی اورہارلے ڈیوڈسن ڈائنا اسٹریٹ بوب اور دیگرشامل ہیں۔
دیگر اثاثے :
شاہ رخ خان کی ملکیت صرف گاڑیوں اورجائیدادوں پرہی ختم نہیں ہوتی بلکہ بالی وڈ کے بادشاہ انڈین پریمئیرلیگ کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرکے شریک مالک بھی ہیں۔ٹیم میں پچپن فیصد ملکیت شاہ رخ کی ہے جس کی مالیت تقریبا پانچ سوپچہترکروڑ بھارتی روپے ہے۔ریڈ چلی پروڈکشن ہاؤس دوسبسڈریزپروڈکشن اوروی ایف ایکس بھی شاہ رخ خان کی ملکیت ہے۔ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ کا سالانہ ٹرن اوورانڈین کرنسی میں پانچ سوکروڑ ہے۔اتنا ہی نہیں شاہ رخ خان ایک انڈور تھیم پارک کڈززینیا کے مالک بھی ہیں۔
برانڈز اینڈ انڈورسمنٹ:
شاہ رخ خان ہربرانڈ کی انڈورسمنٹ کے لئے دس کروڑ بھارتی روپے لیتے ہیں۔ پیپسی، ائیرٹیل، نیرولیک پینٹس،ڈی ڈیکور،اسپرائٹ،نوران کول،ہنڈائی کارز،ٹیگ ہیور، ٹاٹا ٹی ، ویڈیو کون،وی آئی جون اور امامی سمیت مختلف برانڈز کو شاہ رخ کی انڈورسمنٹ حاصل ہوئی ہے۔
صرف اتنا ہی نہیں ۔۔۔ :
اور کس کس چیز کے مالک شاہ رخ خان ہیں ذرا یہ بھی سن لیجئے ۔۔ دی گرینڈ کریرا کیلبریا سیون ٹین آر ایس گھڑی۔متعدد وینٹی وینزجن میں سے زیادہ ترخصوصی طور پر تیار کردہ ہیں۔ ہر وینٹی کی قیمت تین اعشاریہ آٹھ کروڑ روپے ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کچھ رپورٹس پریقین کرلیا جائے تو شاہ رخ چاند کی سطح پر بھی ایک ٹکڑے کے مالک ہیں۔
شاہ رخ کے بقول ایک آسٹریلوی خاتون ہرسال ان کی سالگرہ پرچاند کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا خریدتی ہیں اورانہیں لونر ری پبلک سوسائٹی کی طرف سے سرٹیفکیٹ بھی ملتے ہیں۔