بھارت کے مقتول گلوکار سدھو موسے والا کی موت کے لگ بھگ دو برس بعد ان کے والدین کے ہاں اتوار کو بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
سدھو موسے والا کے والدین بلکور سنگھ اور چرن سنگھ نے بیٹے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا۔
ان کے والد بلکور سنگھ کی طرف سے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پوسٹ میں نو مولود بچے کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے 'انڈین ایکسپریس' کے مطابق بلکور سنگھ کا کہنا تھا کہ لاکھوں لوگوں کی دعاؤں سے موسے والا کا چھوٹا بھائی عطا ہوا ہے۔
پوسٹ میں بچے کی تصویر کے علاوہ کیک کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے جب کہ سدھو موسے والا کی تصویر بیک گراؤنڈ میں لگی ہوئی ہے۔
مقتول سدھو موسے والا اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے جب کہ ان کی والدہ کی عمر 58 سال اور والد کی عمر 60 برس ہے۔
رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کے والدین آئی وی ایف ٹیکنیک کے ذریعے ایک بار پھر والدین بنے ہیں۔
وہ گزشتہ برس اس عمل کے لیے بیرون ملک بھی گئے تھے۔ اس وقت والدین نے درخواست کی تھی کہ یہ خبر اس وقت تک عام نہ کی جائے جب تک کہ یہ عمل کامیاب نہ ہو جائے۔
SEE ALSO: بھارت: سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والا گینگسٹر گولڈی برار دہشت گرد قرارسدھو موسے والا 2022 میں پنجاب کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر منسا سے الیکشن لڑنے والے تھے۔ انہیں اسی برس 29 مئی کو قتل کر دیا گیا تھا۔
اس قتل کے الزام میں 31 افراد کو شامل تفتیش کیا گیا تھا جن میں گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار بھی شامل تھے جب کہ ابھی تک 25 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
امیر ترین پنجابی گلوکاروں میں سے ایک موسے والا نوجوانوں میں انتہائی مقبول تھے جب کہ وہ اپنے گانے خود ہی لکھتے اور پروڈیوس بھی خود کرتے تھے۔
ان کے قتل کے بعد بھی ان کے بعض گانے ریلیز ہوئے اور انہیں لاکھوں لوگوں نے سراہا۔