بھارتی حکومت نے کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کے بعد تاج محل سمیت دیگر سیاحتی مقامات کو عوام کے لیے کھول دیا ہے۔
تاج محل میں عوامی داخلے کی اجازت ملنے کے بعد بدھ کو ہی مقامی و غیر ملکی سیاحوں نے اس تاریخی مقام کی سیر کی۔
حکام نے یومیہ 650 سیاحوں کو تاج محل آنے کی اجازت دی ہے۔
مغل بادشاہ شاہ جہاں نے 17 ویں صدی میں اپنی اہلیہ ممتاز محل کی یاد میں تاج محل تعمیر کرایا تھا جہاں ان دونوں کی قبریں موجود ہیں۔
حکام نے سیاحوں کو مقبرے کی دیواروں اور وہاں موجود تنصیبات کو نہ چھونے کی ہدایت کی ہے۔
تاج محل کھلنے کے باوجود سیاحوں کو احتیاط برتنے کا کہا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے سیکیورٹی اہلکار بھی موجود ہیں۔
آگرہ میں ہوٹل اور ریستوران آنرز ایسوسی ایشن کے صدر رامیش وادھوا کا کہنا ہے کہ جب تک بین الاقوامی سیاح نہیں آ جاتے اس وقت تک سیاحتی شعبہ اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہو سکتا۔
آگرہ میں واقع اس سیاحتی مقام کو کرونا کیسز میں اضافے کے باعث گزشتہ برس مارچ میں بند کیا گیا تھا۔
تاج محل کا عملہ صفائی ستھرائی میں مصروف ہے۔
سیاحوں نے تاج محل کھلنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔
بھارت کے مقامی سیاحوں کی بڑی تعداد نے تاج محل کھلنے کے پہلے روز اس تاریخی مقام کا رخ کیا۔