اس ہفتے برطانیہ کے اسکولوں میں چھٹی جماعت کے طلبہ قومی نصاب کے امتحان سیٹس میں بیٹھے ہیں۔ یہ وہ وقت ہےجب کچھ بچے امتحانات میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے زیادہ دباؤ محسوس کرتے ہیں لیکن پرائمری اسکول کی ایک استانی نے بچوں کی اس پریشانی کو بھانپتے ہوئے کم ازکم اپنے شاگردوں پر سے امتحانات کا دباؤ کم کرنے کے لیے ایک انوکھی کوشش کی ہے۔
بارکشائر کاونٹی میں ریڈنگ کے ایک اسکول کی استانی نے نیشنل اسٹنڈرڈ اسسمنٹ ٹیسٹ Sats میں بیٹھنے والے شاگردوں کے لیے ایک انوکھا ہوم ورک ترتیب دیا ہےجس کے لیے انھیں سوشل میڈیا کے صارفین کی طرف سے سراہا گیا ہے۔
بکل بیری پرائمری اسکول کی طرف سے شاگردوں کو تفریح سےبھرپور ایک دلچسپ ہوم ورک ٹھیک سیٹس امتحانات کے آغاز سے پہلے بھیجا گیا ہےجو سوشل میڈیا پر و ائرل ہوگیا ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ ہوم ورک نوٹ اسکول کی استانی مسز تھام نے لکھا ہے جس میں انھوں نے سیٹس ٹیسٹ میں بیٹھنے والے گیارہ برس کے بچوں کو تفریح سے بھرپور دن گزارنے کی تلقین کی ہے اور کہا کہ ان کی پریشانیوں کی وہ انچارج ہیں اور امتحانات کے لیے بچوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
مسز تھام کی طرف سے تیار کردہ سرگرمیوں کی فہرست میں انھوں نے بچوں کو من پسند ٹی وی پروگرام دیکھنے، باہر جانے، گھومنے پھرنے، سائیکل چلانے، دوستوں سے ملاقاتیں کرنے، آرام کرنے اور ایک کتاب پڑھنے اور آئس کریم کھانے کے ساتھ مسکرانے کا ہوم ورک دیا ہے۔
اس ہوم ورک کے آخر میں وہ لکھتی ہیں کہ اگر آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ کو اپنے اسباق دہرانے چاہیئں تو اس کے لیے زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹے کا مطالعہ کافی ہوگا۔
انھوں نے لکھا ہے کہ یاد رکھئیے "مسز تھام آپ کی پریشانیوں کے لیے ہے، اس لیے آپ کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے آپ تمام بچے حیرت انگیز صلاحیتوں کے مالک ہیں اور مجھے آپ پر اس سے زیادہ فخر نہیں ہوسکتا ہے۔"
فیس بک پر ان کے اس انوکھے پیغام کو 70 ہزار سے زائد تبصروں کے ساتھ 62 ہزار مرتبہ شیئر کیا گیا ہے۔
سیٹس ٹیسٹ خاص طور پر قومی نصاب کےحوالے سے چھٹی جماعت کے طلبہ کی انگریزی اور ریاضی کی مہارت کا جائزہ لینے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
بی بی سی کے ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ سیٹس میں بیٹھنے والے 90 فیصد بچے اچھی کارکردگی کرنے کے لیے دباؤ محسوس کرتے ہیں۔
ایک آن لائن پٹیشن میں والدین نے ٹیسٹ کو بہت مشکل بتایا تھا اور امتحانات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ والدین بجا طور پر پرائمری اسکول چھوڑنے والے طلبہ سےخواندگی اور ہندسوں کی پہچان کی مہارت کی توقع کرسکتے ہیں اور اسی لیے اسٹیج ٹو کے اختتام پر امتحانات کروائےجاتے ہیں۔