ٹام کروز لندن میں فلم 'مشن امپاسبل' کی شوٹنگ میں مصروف عملے سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر ناراض ہو گئے۔
خبررساں ادارے 'رائٹرز' نے اخبار 'دی سن' کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ ٹام کروز نے 'مشن امپاسبل' کے عملے پر واضح کیا کہ اگر انہوں نے احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کی تو انہیں نکال دیا جائے گا۔
'دی سن' کو ملنے والی آڈیو میں 'مشن امپاسبل' کے ہیرو اور پروڈیوسر ٹام کروز کو عملے پر چلاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
ٹام کروز کی ناراضی کی وجہ عملے کی جانب سے سماجی فاصلوں کی پاسداری نہ کرنا اور دیگر حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی بتائی جا رہی ہے۔
کرونا وائرس کی وبا کے دوران فلم 'مشن امپاسبل' کی شوٹنگ کی اجازت حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل در آمد کی شرط پر دی گئی تھی۔
پروڈکشن کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیپ اصلی ہے جب کہ ٹام کروز کے نمائندے نے آڈیو کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
آڈیو میں ٹام کروز عملے سے کہہ رہے ہیں کہ "تمام انشورنس کمپنیاں، اسٹوڈیوز اور پروڈیوسرز ہمیں دیکھ رہے ہیں اور ہماری مثال دے کر فلمیں بنانا چاہتے ہیں۔ ہمیں دوسروں کے لیے مثال بننا ہے۔ فلموں کی دوبارہ شوٹنگ کا آغاز ہماری وجہ سے ہورہا ہے کیوں کہ انہیں ہم پر اعتماد ہے۔"
انہوں نے عملے سے مزید کہا کہ "کیا آپ کو اپنی ذمے داری کا احساس ہے؟ اگر آپ مجھے کوئی جواز نہ دے سکے یا خلاف ورزی سے متعلق آپ کا مؤقف مجھے سمجھ نہ آیا تو میں آپ کو فارغ کردوں گا۔"
'دی سن' نے یہ نہیں بتایا کہ یہ واقعہ کب پیش آیا تاہم ٹام کروز دسمبر کے آغاز میں لندن پہنچے تھے۔
'مشن امپاسبل' سیریز کی ساتویں فلم کی شوٹنگ کرونا وائرس کے باعث فروری میں روک دی گئی تھی۔ اس وقت فلم اٹلی کے شہر وینس میں شوٹ کی جارہی تھی۔
شوٹنگ کا دوبارہ آغاز ستمبر میں اٹلی، ناروے اور لندن میں ہوا۔ ٹام کروز نے ناروے کے وزیر اعظم سے قرنطینہ کے اصولوں کے مطابق فلم کی شوٹنگ کی اجازت دینے کی اپیل کی تھی۔
پیراماؤنٹ پکچرز کے بینر تلے بننے والی فلم 'مشن امپاسبل' کی ریلیز نومبر 2021 میں شیڈول ہے۔
فلم ہالی وڈ کی بڑی فرنچائزز میں سے ایک ہے۔ 2018 میں 'مشن امپاسبل فال آؤٹ' نے عالمی باکس آفس پر 791 ملین ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔