امریکہ میں فائرنگ اور ہلاکتیں

 ٹیکساس کے شہر الپاسو کے سپر اسٹور 'وال مارٹ' میں فائرنگ کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر چھپتے رہے۔

فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور سپر اسٹور میں خریداری کے لیے آنے والے لوگوں کو ریسکیو کیا۔

فائرنگ کا واقعہ ہفتے کی دوپہر ریاست ٹیکساس کے شہر الپاسو کے سپر اسٹور 'وال مارٹ' میں اس وقت پیش آیا جب لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچی اور لوگوں کو سپر اسٹور سے نکالنا شروع کیا۔

ٹیکساس میں پیش آئے واقعے کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور دوپہر گیارہ بجے کے لگ بھگ ’وال مارٹ‘ اسٹور میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

حکام کے مطابق 'وال مارٹ' میں لوگوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف تھی جب خود کار بندوق بردار حملہ آور نے اُن پر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے بعد وال مارٹ اور اس سے ملحقہ دیگر کاروباری مراکز اور دکانیں بند کر دی گئیں جبکہ حکام لوگوں کو علاقے سے دور رہنے کی اپیل کرتے رہے۔

پولیس نے سپر اسٹور میں مزید حملہ آوروں کی موجودگی کے پیش نظر قرب و جوار کے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ آور کی شناخت پیٹرک کروسٹس کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق ڈیلس سے بتایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جائزہ لیا جا رہا ہے کہ اس حملے کے پیچھے کیا مقاصد کار فرما تھے۔

فائرنگ کے وقت سپر اسٹور میں موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا تھا اور بعض عینی شاہدین نے میڈیا سے گفتگو کے دوران تفصیلات بھی بتائیں۔

​وال اسٹریٹ جرنل نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ آور نے بڑی بندوق استعمال کی اور اس کے پاس متعدد راؤنڈز بھی موجود تھے۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

 سپر اسٹور میں فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔