وسط مدتی امریکی انتخابات میں اس بار ایوان نمائندگان کی دوڑ میں خواتین کی ریکارڈ تعداد نے حصہ لیا۔ یہ تعداد 237 رہی جبکہ سینیٹ کے لیے میدان میں اترنے والی 23 خواتین اس کے علاوہ ہیں۔ 185 کا تعلق ڈیموکریٹس اور 52 کا ری پبلیکنز سے ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہےکہ ان میں پہلی مرتبہ دو مسلم خواتین نے بھی ناصرف انتخاب لڑا بلکہ وہ کامیاب بھی رہیں۔
ایوان نمائندگان پہنچنے والی ڈیمو کریٹ امیدوار رشیدہ طلیب مشی گن اور الہان عمر منی سوٹا سے منتخب ہوئی ہیں۔ رشیدہ کا تعلق فلسطین اور الہان کا تعلق صومالیہ سے ہے۔
رشیدہ مشی گن کے تیرہویں کانگریشنل ضلع سے ڈیموکریٹ کی امیدوار تھیں جبکہ ریپبلکنز کا کوئی امیدوار ان کے سامنے نہیں آسکا۔
انہی کی طرح ایک اور ڈیموکریٹ مسلم خاتون الہان عمر منی سوٹا سے پانچویں کانگریشنل ضلع کا انتخاب 72 فیصد ووٹ حاصل کر کے جیتنے میں کامیاب رہیں۔ الہان کے مدمقابل ریپبلکن امیدوار نے صرف 22 فیصد ووٹ حاصل کیے۔