زلزلہ زدہ نیپال میں بچے سمگلنگ کے خطرے سے دوچار: اقوامِ متحدہ
یونیسف کے مطابق نیپال کے بچے سمگلنگ، استحصال اور غیر ضروری یا غیر قانونی طور پر یتیم خانوں میں بھیجے جانے کے خطرے سے دوچار ہیں۔
یونیسف نیپال بھر میں پولیس اور مقامی تنظیموں کے ساتھ مل کر بھارت اور چین کی سرحدوں پر بچوں کی سمگلنگ روکنے کے لیے چوکیاں قائم کرنے کے لیے کام رہی ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں میں تشویش پائی جاتی ہے کہ علاقے کے سمگلنگ گروہ ملک میں پھیلے انتشار سے فائدہ اٹھائیں گے۔
یونیسف نے کہا ہے کہ 25 اپریل سے اب تک 245 بچوں کو سمگلروں سے یا غیر ضروری طور پر یتیم خانوں میں بھیجے جانے سے بچایا گیا ہے۔
25 اپریل اور 12 مئی کو آنے والے زلزلوں میں لاکھوں خاندانوں کے گھر تباہ ہو گئے تھے۔
یونیسف نے کہا کہ ہر سال ہزاروں نیپالی بچے جسم فروشی یا مزدوری کے لیے بھارت سمگل کر دیے جاتے ہیں۔