جنوبی کیلیفورنیا میں شدید زلزلہ، امدادی کارروائیاں جاری
جنوبی کیلیفورنیا میں آنے والے زلزلہ کو دو دہائیوں کا شدید ترین زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
زلزلے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔
شمال مغربی علاقوں میں زیادہ نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث لوگ خوف زدہ ہو کر کاروباری مراکز اور گھروں سے باہر نکل آئے۔
لاس اینجلس کے میئر ایرک گریسیٹی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سیفٹی ٹیمیں بھیج دی گئیں ہیں، جو مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیں گی۔
7.1 شدت کے زلزلے کا مرکز رجکریسٹ ٹاؤن کے نزدیک صحرائے موجاو تھا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے کافی دیر تک محسوس کیے گئے، یہ زلزلہ جمعرات کو آنے والے زلزلے سے کئی گنا زیادہ شدت کا تھا۔
یہ زلزلہ کیلی فورنیا کے شہر رج کریسٹ کے قریب آیا جو کہ لاس اینجلس سے 240 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
کیلیفورنیا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث بجلی کے پولز کو بھی نقصان پہنچا ہے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہو گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جمعرات کے زلزلے کے بعد علاقے میں 1400 آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔
حکام نے زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں میں آگ لگنے اور لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔