ہلری کلنٹن نے صدارتی نامزدگی باضابطہ طور پر قبول کر لی
ہلری کلنٹن نائب صدارت کے لیے اپنے نامزد امیدوار ٹم کین کے ہمراہ۔
68 سالہ ہلری کلنٹن کسی بھی بڑی جماعت کی طرف سے منصب صدارت کے لیے نامزدگی حاصل کرنے والی پہلی امریکی خاتون ہیں۔
ہلری کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کرتے ہوئے امریکی قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہلری کلنٹن کی صدارتی نامزدگی کے موقع پر امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن نے بھی شرکت کی۔
پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں اپنی جماعت کے قومی کنونشن کے اختتام پر اپنے خطاب میں ہلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ یہ ہم پر منحصر ہے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم مل کر کام کریں گے تاکہ ہم دوبارہ اکٹھے آگے بڑھ سکیں۔
ہلری کلنٹن نے جمعرات کو اپنی تقریر میں سینڈر کی طرف سے ان کی حمایت کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کو ووٹ ڈالنے، اقتصادی ترقی اور سماجی انصاف پر آواز بلند کرنے کو اجاگر کیا۔
ہلری نے اچھی تنخواہوں کے ساتھ ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت تک اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتا جب تک متوسط طبقہ ترقی نہ کرے۔