مفرور بھارتی گینگسٹر گولڈی برار نے دھمکی دی ہے کہ وہ بالی وڈ اداکار سلمان خان کو ضرور ماریں گے۔
گولڈی برار کی جانب سے اس بیان سے چند ماہ قبل سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی تھیں۔
بھارتی جریدے 'انڈیا ٹوڈے' کو دیے گئے انٹرویو میں گینگسٹر گولڈی برار نے کہا کہ "ہم سلمان خان کو ضرور ماریں گے، جب تک ہم زندہ ہیں اپنے تمام دشمنوں کے خلاف کوششیں جاری رکھیں گے۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ "سلمان خان ہمارا ہدف ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔ ہم کوشش کرتے رہیں گے اور جب ہم کامیاب ہو جائیں گے تو آپ کو معلوم ہو جائے گا۔"
سلمان خان کو مارچ میں ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ "گولڈی برار کو سلمان خان سے بات کرنی ہے، اگر معاملہ حل کرنا ہے تو اداکار بات کریں اور اگر ایسا نہ ہوا تو وہ نتائج کے لیے تیار رہیں۔"
SEE ALSO: سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل موصول، لارنس بشنوئی گینگ کے خلاف ایف آئی آر درجبعدمیں پولیس نے سلمان خان کو بھیجی گئی ای میلز کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اداکار کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی تھی۔
یاد رہے کہ گولڈی برار اور لارنس بشنوئی کا شمار بھارت کے بڑے گینگسٹروں میں ہوتا ہے ۔ لارنس بشنوئی اس وقت تہاڑ جیل میں قید ہیں اور برار کینیڈا میں مقیم ہیں۔
بشنوئی نے رواں برس تہاڑ جیل سے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان زندگی کا مشن سلمان خان سے ٹکرانا ہے۔ ان ہی کے گینگ کے ایک رکن نے انتیس مئی 2022 کو معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے کی ذمے داری بھی قبول کی تھی۔
گولڈی برار نے لارنس بشنوئی کے جیل سے دیے جانے والے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "لارنس معافی نہیں مانگیں گے اور وہ سلمان خان کی رحم کی اپیل اس وقت ہی قبول کریں گے جب تک وہ خود محسوس نہیں کر لیتے۔"
بشنوئی اور سلمان خان کے درمیان تنازع اس وقت شروع ہوا جب سن 1998 میں سلمان خان ساتھی اداکار سیف علی خان، تبو، سونالی اور نیلم کے ساتھ فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے لیے جودھ پور میں تھے۔
سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک گاؤں کے نزدیک نایاب نسل کے دو چنکارا ہرنوں کا شکار کیا تھا۔بشنوئی برادری کالے ہرن کو ایک مقدس جانور تصور کرتی ہے۔
سلمان خان کے خلاف کالے ہرنوں کے شکار کا مقدمہ اب بھی عدالت میں زیرِ سماعت ہے جب کہ وہ خود ضمانت پر رہا ہیں۔