تھیٹر، رقص اور موسیقی کا 'طلسم'

tilism

tilism

'طلسم' تھیٹر، رقص اور موسیقی کا ایک میلہ ہے جو آٹھ مارچ سے 15 مارچ تک جاری رہے گا

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کراچی میں آٹھ روزہ میلے 'طلسم' کا آغاز اتوار کو آرٹس کونسل آف پاکستان میں ہوا۔

'طلسم' تھیٹر، رقص اور موسیقی کا ایک میلہ ہے جو آٹھ مارچ سے 15 مارچ تک جاری رہے گا اور اسے تحریکِ نسواں، آرٹس کونسل آف پاکستان کے تعاون سے پیش کر رہا ہے۔

آرٹس کونسل کے سیکرٹری احمد شاہ نے 'وائس آف امریکہ' کو بتایا ہے کہ خواتین کے عالمی دن پر ملک بھر میں کہیں بھی اتنے بڑے پیمانے پر تقاریب کا اہتمام نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ طلسم فیسٹول شیما کرمانی کا ادارہ 'تحریکِ نسواں' کر رہا ہے اور یہ ایک ایسا اداراہ ہے جو کہ پچھلے 35 برسوں سے ملک میں خواتین کے حقوق کے لئے سرگرم ہے۔

احمد شاہ نے بتایا کہ اس آٹھ روزہ میلے مں موسیقی، رقص، تھیٹر اور کراچی کی تاریخ کے حوالے سے مختلف پروگرام ہونگے۔

تحریکِ نسواں کی ویب سائٹ کے مطابق اس میلے میں تنظیم کے 35 سالوں کے سفر پر ایک دستاویزی فلم، لوک موسیقی اور رقص، صوفی رقص، کلاسیکی رقص، کرچی کرچی کراچی، کافر، منٹو میرا دوست، بنت حوا، ایک عورت جاگتی ہے، ایک عورت اکیلی اور میں ایک عورت ہوں جیسے ڈرامے اور خواتین کی بہتری اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں پر بحث ہوگی۔ اس فیسٹیول میں درجن سے زائد گروپس اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

'تحریکِ نسواں' کی بانی سربراہ شیما کرمانی نے 'وائس آف امریکہ' سے 'طلسم' کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 35 سال قبل جب آٹھ مارچ کو انھوں نے خواتین کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی اور تحریک نسواں کی بنیاد رکھی تو کوئی خواتین کے عالمی دن کی اہمیت سے واقف نہ تھا۔ لیکن آج، ان کے بقول، ان کی کوششوں سے یہ آگہی اتنی بڑھ چکی ہے کہ خواتین کے حقوق کی کئی تنظیمیں بن چکی ہیں اور جگہ جگہ اس حوالے سے پروگرام ہو رہے ہیں۔

شیما کرمانی کا کہنا تھا کہ کہ طلسم کی افتتاحی تقریب میں تقریباً دو ہزار لوگ آئے تھے جن میں ہر طبقے، زبان اور علاقے کے لوگ تھے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آج لوگوں میں حقوق نسواں کی آگہی کتنی بڑھ چکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان کی کوشش رہی ہے کہ وہ فن کو عام لوگوں تک پہنچائیں اور فن کو خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لئے استعمال کریں۔

زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ کراچی کے پر تشدد حالات کی وجہ سے شہر میں ایک گھٹن کا ماحول ہے اور ایسے میں اس نوعیت کی سرگرمیاں اور پروگرام لوگوں میں آگہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو تفریح کے مواقع بھی مہیا کرتے ہیں۔