رسائی کے لنکس

شام: کار بم دھماکے میں 16 افراد ہلاک


دمشق کےعلاقے قطنا میں کار بم دھماکے کے بعد کا منظر۔ 13 دسمبر2012
دمشق کےعلاقے قطنا میں کار بم دھماکے کے بعد کا منظر۔ 13 دسمبر2012

کار بم دھماکے کا واقعہ منگل کے روز قنطنا کے علاقے میں پیش آیا

شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں ایک کاربم دھماکے میں 16 افراد ہلاک ہوگئےہیں اور ایک دوسری رپورٹ کے مطابق روس کے ایک سینیئر سفارت کار نے کہاہے کہ حزب اختلاف صدر بشارالاسد کے خلاف جنگ جیت سکتی ہے۔

کار بم دھماکے کا واقعہ منگل کے روز قطنا کے علاقے میں پیش آیا۔ جب کہ ایک روز پہلے دمشق میں وزارت داخلہ کے مرکزی دروازے پر ہونے والے ایک بم دھماکے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ادھر ماسکو میں روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے پہلی بار یہ تسلیم کیا ہے کہ مسٹر اسد تیزی سے ملک پر اپنا کنٹرول کھورہے ہیں اور حکومت مخالف فورسز کی فتح کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

روس کے میڈیا نے ان کے حوالے سے یہ بھی کہا ہے کہ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ مغربی ممالک مشرق وسطیٰ میں روس کا اثرورسوخ کم کرنے کے لیے شام کے تنازع پر اس کے موقف کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔

ماسکو مغربی ممالک کے ان مطالبوں کی مخالفت کرتا ہے جن میں کہا گیاہے کہ شام کے صدراسد اقتدار چھوڑ کر سیاسی تبدیلی کے لیے راہ ہموار کردیں۔

روس شام کا ایک قدیم اتحادی ہے۔

بدھ کے روز امریکہ کے ایک عہدے دار نے کہاتھا کہ شام کی حکومت نے حالیہ دنوں میں باغیوں کے خلاف سکڈ میزائل استعمال کیے ہیں۔ لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا کہ ان میزائلوں کا استعمال کیمیائی ہتھیاروں کے لیے کیا گیاتھا۔

سکڈ میزائلوں کے استعمال کو دوسال سے جاری خانہ جنگی میں مزید شدت پیدا ہونے کے طور پر دیکھا جارہاہے۔

ایک اور خبر کے مطابق ایک سو سے زیادہ ممالک پر مشتمل گروپ نے مسٹر اسد سے اقتدار چھوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے حزب اختلاف کے نئے اتحاد کو شامی عوام کے قانونی نمائندے کے طورپر تسلیم کرلیا ہے۔
XS
SM
MD
LG