رسائی کے لنکس

موسیقی روح اور جسم دونوں کے لیے اچھی ہے: رپورٹ


ایک نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے موسیقی کے سروں کا تعلق انسانی جسم کے ساتھ ظاہر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ موسیقی کی سماعت آپریشن کے بعد مریضوں کو جلد شفایاب ہونے میں مدد دیتی ہے۔

ایک طبی تحقیق کے دوران دیکھا گیا ہے کہ موسیقی سننے سے ذہنی طور پر پرسکون ہونے کے ساتھ ساتھ جسمانی زخم بھی مندمل ہو سکتے ہیں۔

نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے موسیقی کے سروں کا تعلق انسانی جسم کے ساتھ ظاہر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ موسیقی کی سماعت آپریشن کے بعد مریضوں کو جلد شفایاب ہونے میں مدد دیتی ہے۔

مطالعاتی جائزے سے وابستہ طبی ماہرین نے بتایا کہ جراحی کے عمل سے گزرنے والے مریضوں کے تجربے کے مطابق موسیقی سننے والے مریضوں نے آپریشن کے بعد درد اور بے چینی میں کمی محسوس کی۔

موسیقی سننے والے مریضوں میں خون کی نالیوں میں دوران خون بہتر تھا اور ان کے فشار خون اور دل کی شرح میں کمی واقع ہوئی تھی۔

طبی جریدے 'اینالس آف سرجری' میں شائع ہونے والی تحقیق میں ایسے سائنسی ثبوت ملے ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ موسیقی سننے کے فوائد اس وقت اور بھی زیادہ ہو گئے جب مریضوں نے اپنی پسندیدہ موسیقی کا انتخاب خود کیا تھا۔

یونیورسٹی آف زیورخ سے وابستہ مطالعہ کے مصنف اور تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر ڈیانا ویٹر نے کہا کہ بہت سے مریضوں کے پاس اپنے اسمارٹ فون میں ان کی پسندیدہ موسیقی کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے اگر ہم آپریشن شیڈول سے پہلے اپنے مریضوں کو ان کی صحت یابی کے حوالے سے موسیقی کے مثبت اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کریں تو اس پر کوئی زیادہ خرچہ نہیں آئے گا اور اس سے ان کی جلد صحت یابی کے امکانات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

جراحی کے نتائج پر موسیقی کے اثرات کا اندازا لگانے کے لیے ڈاکٹر ڈیانا اور ان کے ساتھی ڈاکٹروں کی ٹیم نے 47 مطالعاتی جائزوں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔

جس میں 26 مطالعے جراحی سے قبل موسیقی کے اثرات پر مبنی تھے اس کے علاوہ، 25 مطالعوں میں آپریشن روم میں موسیقی کے اثرات اور دیگر 25 مطالعوں میں صحت یابی کے دوران موسیقی کے اثرات کا جائزہ شامل تھا۔

مجموعی طور پر موسیقی سننے والے مریضوں نے 31 فیصد کم درد محسوس کیا اور29 فیصد درد کی دوا کا استعمال کم کیا اور انھیں 34 فیصد کم بے چینی کے ساتھ منسلک کیا گیا۔

مزید برآں موسیقی کی سماعت کو 40 فیصد کم فشار خون اور27 فیصد کم دل کی شرح کے ساتھ منسلک پایا گیا۔

اسی طرح جب مریضوں نے اپنی پسندیدہ موسیقی کا انتخاب کیا اور اپنے من پسند گانے سنے تو اس کے زیادہ مثبت اثرات ان کی شفایابی پر ظاہر ہوئے۔

تحقیق کے مطابق موسیقی نا سننے والے مریضوں کے مقابلے میں موسیقی سننے والے مریضوں میں پسندیدہ موسیقی سننے سے درد کی سطح میں 35 فیصد کمی واقع ہوئی۔

جبکہ ماہرین کی طرف سے منتخب کردہ موسیقی نے مریضوں میں درد کی شدت کو 26 فیصد کم کیا تھا۔

دریں اثناء پسندیدہ موسیقی کے انتخاب سے مریضوں میں بے چینی کی سطح میں 47 فیصد کمی آئی جبکہ ماہرین کی طرف سے منتخب کردہ موسیقی سننے سے مریضوں نے یہ 6 فیصد تک کم بے چینی محسوس کی۔

ڈاکٹر ڈیانا ویٹر کے مطابق ان کی تحقیق نے گزشتہ 15 برسوں کے مطالعوں کا احاطہ کیا ہے تاہم دل کی شرح اور بلڈ پریشر کی سطح پر موسیقی کے انتخاب کے نتائج کا زیادہ فرق نہیں تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ صحت کے حوالے سے موسیقی کے اثرات پر اب تک سائنسی ثبوت زیادہ نہیں ملے ہیں لیکن موجودہ نتائج نے بڑھتے ہوئے مثبت اثرات کی طرف اشارہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں سائنس دانوں نے جراحی کے نتائج پر فن تعمیر، ڈیزائن اور فن کے اثرات کی جانچ پڑتال کی امید بھی ظاہر کی ہے۔

XS
SM
MD
LG