رسائی کے لنکس

امریکہ: وسطی علاقہ اور مشرقی ساحل طوفانی برسات، برف باری کی زد میں


سینٹ پال کے شہر منی پولس کے علاقے میں رات کو درجہ حرارت 20 ڈگری منفی کی سطح پر جا پہنچا۔ لوگوں سے کہا گیا تھا کہ اختتام ہفتہ کے دنوں گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ اتوار کے روز شکاگو میں درجہ حرارت منفی چار ڈگری فیرنہائیٹ گر چکا تھا

امریکہ کا وسطی علاقہ اور مشرقی ساحل ہفتے کے روز برفانی طوفان، یخ بستہ ہوائوں، برسات اور ہڈیوں میں سرایت کرنے والی ٹھنڈ کی زد میں رہا، جس موسمی صورت حال کے نتیجے میں سڑک کےسینکڑوں حادثات پیش آئے، جب کہ کرسمس کی شاپنگ سست روی کا شکار ہوئی۔

سڑک پر برف کی تہ جمنے کے باعث حادثات ہوئے جن میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ سڑک کے مزید حادثات کی تفتیش کی جا رہی ہے، جن کا سبب بھی موسمی حالات بتائے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق، سب سے بڑا سڑک کا حادثہ بالٹیمور میں اُس وقت پیش آیا جب پیٹرول لے جانے والا ایک ٹینکر پھسل کر ہائی وے سے الٹ گیا اور اُس میں آگ لگ گئی۔

انٹراسٹیٹ 95 پر تقریباٍ 70 گاڑیاں ٹکرائیں جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ اسپتال کے اہل کاروں نے بتایا ہے کہ تقریباً دو درجن زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی، جن میں سے کچھ زخمیوں کو ہڈیوں کے زخم آئے، جب کہ دیگر کے سر پر چوٹیں آئیں۔

بالٹیمور شہر کے آگ بجھانے پر مامور اہل کار، رومن کلارک نے بتایا ہے کہ حادثے کے عوامل کا فوری تعین نہیں ہوسکا۔

یہ واضح نہیں آیا بیشمار گاڑیوں کے ٹکرانے کا سبب ٹینکر حادثہ تھا یا یہ کہ یہ الگ معاملہ تھا۔ ایسے میں جب عملہ امدادی کام سر انجام دے رہا تھا، آئی 95 پر شمال کی جانب جانے والی ٹریفک روک دی گئی۔

موسمیاتی پیش گوئی

ریاست مئین میں ڈینور سے بنگور تک سخت موسمیاتی انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

ہوائی اڈوں پر سینکڑوں پروازیں یا تو معطل ہوئیں یا پھر اُن میں تاخیر واقع ہوئی؛ انٹراسٹیٹ سڑکوں اور چنگی والے روڈوں پر گاڑیوں کی رفتار میں کمی کی گئی اور اہل کاروں نےڈرائیوروں کو انتہائی محتاط رہنے کے لیے کہا۔

انڈیانا میں سڑک کے تین حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں دو میں موت واقع ہوئی، جس کا سبب، اہل کاروں نے یخ بستہ ہوائوں کو قرار دیا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا آیا کُل کتنے افراد ہلاک ہوئے۔ سڑکوں پر بے انتہا پھسلن تھی۔

اوہائیو میں ہفتے کو کولمبس سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اُس وقت ہلاک ہوئی جب اُن کی گاڑی سڑک سے پھسل کر نیچے گر گئی۔ نبراسکا میں، ڈگلس کائونٹی شیرف کے دفتر کے اہل کاروں نے بتایا ہے کہ جمعے کی رات ایک شخص ہلاک ہوا جب اوماھا کے شمال میں واقع سڑک برف باری سے شدید متاثر ہوئی، اور اُن کی کار پھسل کر ایک درخت سے جا ٹکرائی اور اُس میں آگ لگ گئی۔

سینٹ پال کے شہر منی پولس کے علاقے میں رات کو درجہ حرارت 20 ڈگری منفی کی سطح پر جا پہنچا۔ لوگوں سے کہا گیا تھا کہ اختتام ہفتہ کے دنوں گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ اتوار کے روز شکاگو میں درجہ حرارت منفی چار ڈگری فیرنہائیٹ گر چکا تھا۔

مزوری سے مسی سیپی تک کی چھ ریاستوں کا خطہ طوفانی باد و باراں اور سیلاب کی زد میں رہا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ کے مطابق، ورجینیا کی فیئرفیکس کائونٹکی کا فائر ٹرک حادثے کے شکار افراد کی مدد کو جاتے ہوئے برف زدہ سڑک سے پھسل گیا۔ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

XS
SM
MD
LG