رسائی کے لنکس

کنگنا رناوت کے انٹرویو نے بالی وڈ میں ہلچل مچا دی


انڈین فلم ایوارڈ میں کنگنا رناوت اور امیتابھ بچن
انڈین فلم ایوارڈ میں کنگنا رناوت اور امیتابھ بچن

کنگنا رناوت کے ان بیانات کے بعد انڈسٹری میں بحث کا آغاز ہو گیا ہے اور کئی اداکاراوں سمیت فلم انڈسٹری تعلق رکھنے والے افراد کے بیانات سامنے آ رہے ہیں ۔ اور انڈسٹری ایک گروہ بندی کا شکار ہو گئی ہے۔

وردہ خلیل

تین بار نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ کنگنا رناوت فلموں میں ہیروئن کے گرد گھومنے والے کرداروں کے حوالے سے جانی جاتی ہیں ۔ کنگنا کے مطابق وہ ریاست ہماچل پردیش کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں بڑی ہوئیں اور فلموں میں آنے کے لئے انہوں نے اپنے گھر والوں سے بغاوت کی اور بھاگ کر ممبئی آ گئیں ۔

کنگنا رناوت کا شمار ان ہیروئنز میں ہوتا ہے جنہیں نیشنل ایوارڈ ملنے کے باوجود انڈسٹری کی نمایاں اداکارہ بننے میں کئی سال لگ گئے۔ کنگنا اپنے کیرئیر کے دوران اپنے متنازعہ بیانات کے حوالے سے کئی بار خبروں کا حصہ بنتی رہی ہیں۔

گزشتہ ماہ ایک بھارتی ٹی وی کے پروگرام ’’ آپ کی عدالت ‘‘ میں انٹرویو کے دوران دئیے جانے والے بیانات نے بحث کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ایک گھنٹہ طویل انٹرویو میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے علاوہ فلم انڈسٹری کے غیر منصفانہ اور عدم مساوات پر مبنی رحجان پر بات کی ہے۔

کنگنا رناوت بھارتی صدر انعام وصول کر رہی ہیں
کنگنا رناوت بھارتی صدر انعام وصول کر رہی ہیں

انہوں نے بتایا کہ فلمی کیرئیر میں آگے بڑھنے کے لئے کس طرح ، فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے ماضی میں بالی ووڈ ہیرو رہتک روشن کے ساتھ تعلقات کی کہانی بیان کر ڈالی اور بتایا کہ کس طرح رہتک روشن ان کے ساتھ شادی کے جھوٹے وعدے کرتے رہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے اداکار ادیتہ پنچولی کی جانب سے ایک طویل عرصے تک ہراساں کئے جانے کا بھی ذکر کیا۔

کنگنا نے مختلف اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری میں اقرباء پروری پائی جاتی ہے۔نئے اداکاروں کی بجائے فلمی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو فلموں میں چانس دیا جاتا ہے اور کچھ فلم ساز مافیا ہیں جو چند اداکاروں کو انڈسٹری میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

کنگنا رناوت کے ان بیانات کے بعد انڈسٹری میں بحث کا آغاز ہو گیا ہے اور کئی اداکاراوں سمیت فلم انڈسٹری تعلق رکھنے والے افراد کے بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ اور انڈسٹری ایک گروہ بندی کا شکار ہو گئی ہے۔

کرینا کپور
کرینا کپور

اداکاروں کا ایک گروپ کنگنا رناوت کے بے باق بیانات پر ان سراہ رہا ہے جبکہ ایک گروپ انہیں ڈھونگی قرار دے رہاہے۔

ماضی قریب کی اداکارہ روینہ ٹنڈن نے ایک بیان میں کنگنا کی جرات اور انڈسٹری میں ہونے والی زیادتیو ں کے خلاف آواز اٹھانے پر انہیں سراہا۔ روینہ کا کہنا تھا کہ ہر نئی اداکارہ کو انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لئے کئی ناخوشگوار حالات سے گزرنا پڑتا ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے گھرانے کپور خاندان سے تعلق رکھنے والی کرینہ کپور نے ایک انٹرویو کے دوران کنگنا رناوت کے بیانات سے کسی حد تک اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری خواتین اداکاروں سے غیر امتیازی کرتی ہے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر شعبے میں اقرباء پروری پائی جاتی ہے لیکن فلم انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لئے صرف آپ کی صلاحیت کام آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی فلمی خاندانوں کے بچے صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے انڈسٹری میں جگہ نہ بنا سکے اور آج لوگوں کو ان کے نام بھی یاد نہیں۔

کنگنا کی جانب سے انڈسٹری مافیا کے الزام کا سامنا کرنے والے فلم ساز کرن جوہر نے ایک ٹویٹ کے ذریعے انہیں احسان فراموش قرار دیا۔

بالی وڈ کی ڈائریکٹر پروڈیوسر فرح خان نے بھی اپنے دوست رہتک روشن پر لگائے جانے والے الزامات پر کنگنا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ توجہ حاصل کرنے کے لئے ایک خاتون ہونے کا فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

ماضی میں ادیت پنچولی کا جانب سے ہراساں ہونے سے بچنے کے لئے بھاتیہ وومن کمیشن سے مدد کی درخواست پر کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ کمیشن نے ان کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے ملزم کو بچانے کی کوشش کی۔ ان الزامات کے بعد وومن کمیشن کی سربراہ نے ٹویٹ کے ذریعے کنگنا کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی کمیشن سے مدد کی درخواست نہیں کی۔

کنگنا رناوت کے الزامات حقائق پر مبنی ہوں یا نہ ہوں لیکن بالی وڈ جیسی بھارت کی بڑی انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر امتیازی روئیوں اور ان کے حقوق کے حوالے سے ایک بحث کا آغاز ضرور ہو گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG