رسائی کے لنکس

پاکستان کا ایٹمی پروگرام امریکہ کے لیے بڑا خطرہ ہے: مائیک پومپیو


امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو (فائل)
امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو (فائل)

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اتوار کو ایک انٹرویو میں امریکی سلامتی کو درپیش پانچ بڑے مسائل بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے غلط ہاتھوں میں لگ جانے کا خدشہ ان میں سے ایک ہے۔

انہوں نے پاکستان پر دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کے خلاف جو ایکشن لئے ہیں وہ ہم سے پہلے کسی حکومت نے نہیں لئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کو وہ بہت سنجیدہ لیتے ہیں کیونکہ انہوں نے خود اپنے دوستوں کو اس لڑائی میں کھویا ہے۔ "ہم نے 11 ستمبر کے حملوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہم نے پاکستان پر اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کے لیے زور ڈالا ہے۔"

پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کشیدگی پاکستان کے علاقے سے جانے والے دہشت گردوں کی وجہ سے شروع ہوئی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو ان دہشت گردوں کو روکنے کے لئے اپنے اقدامات بڑھانے ہوں گے اور ان دہشت گردوں کو محفوظ پناگاہیں دینا بند کرنا ہو گا۔

افغان امن مذاکرات

افغانستان کے مسئلے پر امن مذاکرات کے بارے میں اس سوال پر کہ کیا طالبان القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں سے اپنے تعلقات ختم کر لیں گے؟ انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں ابھی کوئی حتمی رائے دینے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت افغانستان میں ایک حتمی حل کے لئے کام کر رہی ہے۔ وہ افغانستان میں سیاسی اتفاق رائے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

پومپیو نے کہا کہ زلمے خلیل زاد ابھی اسی سلسلے میں چھ سے آٹھ دن دوہا میں مذاکرات کے لئے گئے تھے اور کل ہی لوٹے ہیں۔ اور ان مذاکرات میں افغان حکومت اور طالبان کے ساتھ کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ "اب ہم چاہتے ہیں کہ یہ دونوں فریق ایک دوسرے سے بات کریں۔"

صدر ٹرمپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس بات کو واضح کر چکے ہیں کہ وہ اس طویل جنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں مگر وہ چاہتے ہیں کہ اس کا کوئی ایسا حل نکلے جس سے امریکہ کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کا خدشہ نہ رہے۔

حالیہ دنوں میں افغان فورسز پر کئے جانے والے حملوں میں طالبان نے 50 افغان فوجیوں کو اغوا کر لیا تھا جبکہ اس سے ایک ہفتہ پہلے 70 افغان فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس بارے میں پومپیو نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ان حملوں سے افغان اور اتحادی فوجیں کمزوری کی پوزیشن پر آگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ امن مذاکرات کی ٹیبل پر کون بیٹھا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہم امریکہ کو مزید محفوظ بنائیں۔

XS
SM
MD
LG