رسائی کے لنکس

ترکی زلزلہ: 81 ہلاکتیں، تین روز بعد ملبے سے دو بچیاں زندہ نکال لی گئیں


ملبے میں دبے لوگوں کی تلاش کے لیے امدادی سرگرمیاں چوتھے روز بھی جاری ہیں۔
ملبے میں دبے لوگوں کی تلاش کے لیے امدادی سرگرمیاں چوتھے روز بھی جاری ہیں۔

ترکی کے تیسرے بڑے شہر ازمیر میں جمعے کو آنے والے شدید زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے جب کہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ عمارتوں کا ملبہ ہٹانے اور لوگوں کو ریسکیو کرنے کا کام چوتھے روز بھی جاری ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے پیر کو دو بچیوں کو ملبے سے زندہ نکال لیا جو دو روز سے زائد عرصے تک ملبے میں دبے رہنے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گئیں۔

ریسکیو ورکرز نے پیر کو ایک 14 سالہ بچی عیدل شیرینن کو 58 گھنٹوں بعد نکالا۔ بدقسمتی سے ان کی آٹھ سالہ بہن زندہ نہیں بچ سکیں۔

ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے 'انادلو' کے مطابق اس واقعے کے سات گھنٹوں بعد ریسکیو اہلکاروں نے ایک تین سالہ بچی بھی زندہ حالت میں نکالا۔ یہ بچی 65 گھنٹوں تک ملبے میں دبے رہنے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔ اس خوش نصیب بچی کی ماں اور دو بہنوں کو دو دن قبل ہی ریسکیو کر لیا گیا تھا۔

اب تک 100 سے زائد افراد کو ملبے سے زندہ نکالا جا چکا ہے۔ ریسکیو ورکرز اب بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ملبے میں دبے لوگوں کے زندہ بچنے کی امید کم ہو رہی ہے۔

ازمیر میں جمعے کو زلزلے کے شدید جھٹکے آئے تھے جس سے کئی عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں بدل گئی تھیں۔ زلزلے کے جھٹکے یونان میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔

زلزلے کے جھٹکے پورے مغربی ترکی میں محسوس کیے گئے تھے۔ یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے اور زلزلے کے بعد سیکڑوں آفٹر شاکس بھی آئے۔

زلزلے کا مرکز بحیرۂ ایجین میں یونان کے جزیرۂ ساموس کی طرف تھا۔ زلزلے سے اس جزیرے پر بھی دو نوجوان ہلاک اور 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زلزلے کی شدّت کے بارے میں مختلف اعداد و شمار رپورٹ ہوئے ہیں۔ 'امریکی جیولوجیکل سروے' کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 7.0 تھی جب کہ ترکی کی 'ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی' کے مطابق یہ زلزلہ 6.6 شدت کا تھا۔

زلزلے سے سمندر میں ایک چھوٹے درجے کا سونامی بھی پیدا ہوا تھا جو یونان کے جزیرۂ ساموس اور ازمیر کے ایک ضلع سے ٹکرایا تھا۔ ایک ضعیف خاتون ڈوب کر بھی ہلاک ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ ترکی فالٹ لائنز پر واقع ہے اور یہاں اکثر زلزلے آتے ہیں۔ سن 1999 میں دو طاقت ور زلزلوں کی وجہ سے ترکی کے شمال مشرقی علاقوں میں 18 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یونان میں بھی اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG