امریکہ کی ریاست ورجینیا کے ساحلی علاقے ورجینیا بیچ میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے۔
ورجینیا بیچ پولیس کے بیان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعے کی رات گیارہ بجے کے قریب پیش آیا۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
بیان کے مطابق ایک خاتون گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی تھیں۔
اس سے قبل پولیس چیف پال نیوڈیگیٹ کا کہنا تھا کہ خاتون کی موت ممکنہ طور پر فائرنگ کے سبب نہیں ہوئی۔
جاری کردہ بیان کے مطابق ایک پولیس افسر کو معمولی زخم آئے ہیں۔
پال نیوڈیگیٹ کا کہنا تھا کہ پولیس افسر تحقیقات کے دوران گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب پولیس افسران تحقیقات کر رہے تھے تو جائے واردات کے قریب ہونے والی فائرنگ کی وجہ سے افسر نے ایک شخص پر گولی چلائی جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔
ان کے مطابق افسر نے صورتِ حال کا سامنا کرتے ہوئے گولی چلائی۔ جو ایک شخص کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔
مذکورہ افسر کو انتظامی رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔ جو کہ گزشتہ پانچ برس سے ادارے کے ساتھ وابستہ تھے اور اسپیشل آپریشن ڈویژن کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق لوگوں کے زخمی ہونے اور ہلاکت کے ساتھ ساتھ افسر کی طرف سے کی گئی فائرنگ کی بیک وقت تحقیقات ہو رہی ہیں۔
پال نیوڈیگیٹ کے مطابق کسی بھی مشتبہ شخص کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہیں اور متعدد افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے۔