امریکی صدر جو بائیڈن نے منجھے ہوئے قانونی ماہر پاکستانی امریکی زاہد قریشی کو وفاقی جج کے عہدے کے لئے نامزد کیا ہے۔
زاہد قریشی امریکہ میں بسنے والی مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے ان دس امریکی ماہرین قانون میں شامل ہیں، جنہیں صدر بائیڈن نے امریکہ کے وفاقی نظام انصاف میں بطور جج منگل کو نامزد کیا ہے۔
صدر نے قانون اور انصاف کے شعبوں کے ماہرین کی بطور وفاقی جج نامزدگی کرتے ہوئے وائٹ ہاوس سے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ امیدوار امریکہ کے شعبہ قانون میں موجود بہترین ذہن ہیں۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ ان میں سے ہر ایک امریکی آئین کے مطابق غیر جانبدارانہ طور پر انصاف مہیا کرنے کی قابلیت رکھتا ہے۔ اور نامزد امیدواران امریکہ کے اس تنوع، تجربہ اور تناظرکی نمائندگی کر تے ہیں، جو امریکہ کو ایک مضبوط ملک بناتا ہے۔
زاہد قریشی اس وقت ریاست نیو جرسی میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جج کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ وفاقی عدالت کے بنچ پر فائز ہونے والے پہلی ایشیائی امریکی جج ہیں۔
سینیٹ سے نامزدگی کی منظوری کے بعد زاہد قریشی امریکہ میں فیڈرل جج بننے والے پہلے مسلمان ہوں گے۔
زاہد قریشی امریکی قانون اور نظام انصاف میں کام کرنے کا طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ جون 2019 سے نیو جرسی میں مجسٹریٹ جج بننے سے پہلے وہ رائیکر ڈینزیگ کمپنی کے وائٹ کالر کریمینل ڈیفینس اینڈ انویسٹیگیشن گروپ کے چیئرمین تھے۔
وہ اس کمپنی کے پہلے چیف ڈائیورسٹی آفیسر بھی تھے۔
انہیں ریاستی اور وفاقی سطح پر جرائم کےپیچیدہ مقدمے لڑنے اور کارپوریشنوں میں تفتیش کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ انہوں نے اپنے وکالت کے کیرئیر میں حکومتی عملداری کے نفاذ اور قوائدو ضوابط پر پابندی کے معاملے سے متعلق کیسز پر کام کیا ہے ۔
پاکستانی امریکی اور امریکی مسلمانوں کی تنظیموں نے زاہد قریشی کی نامزدگی کا خیر مقدم کیا ہے ۔ یاد رہے کہ صدر بائیڈن نے اپنی انتظامیہ میں اس سے پہلے تین پاکستانی امریکیوں کو شامل کیا ہے جن میں ٹیکنالوجی کمپنی کے مالک دلاورسید بھی شامل ہیں جنہیں صدر نے سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے جبکہ ایک پاکستانی امریکی سلمان احمد محکمہ خارجہ اور دوسرے پاکستانی امریکی علی زیدی وائٹ ہاوس کی آب و ہو اکی کمیٹی میں شامل ہیں۔
نیو جرسی مسلم لائرز ایسو سی ایشن نے زاہد قریشی کو ان کی نامزدگی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا ۔ زاہد قریشی کی نامزدگی کو اگر امریکی سینیٹ کی منظوری مل گئی تو وہ امریکہ میں فیڈرل جج کے عہدے پر فائز ہونے والے پہلے امریکی مسلمان ہوں گے۔