رسائی کے لنکس

الیکٹرانک کچرے سے بنے جی سیون سربراہان کے مجسمے عوام کی توجہ کا مرکز


جی سیون اجلاس کے موقع پر برطانیہ میں الیکٹرانک کچرے سے تیار کردہ مجسمے، 9 جون 2021
جی سیون اجلاس کے موقع پر برطانیہ میں الیکٹرانک کچرے سے تیار کردہ مجسمے، 9 جون 2021

جی سیون ملکوں کا تین روزہ سربراہی اجلاس جمعہ کو برطانیہ کے جنوب مغربی جزیرہ نما کے مقبول سیاحتی مقام 'کورنوال' میں واقع کاربس بے میں شروع ہو رہا ہے۔ اس مقام پر ایک ماحول دوست گروپ کے تیار کردہ الیکٹرنک کچرے سے بنائے گئے مجسمے اپنی انفردیت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔ یہ مجسمے جی سیون ملکوں کے سربراہان کے ہیں۔

مجسمہ سازوں کا کہنا ہےکہ مجسموں کی تیاری میں جو الیکٹرانک کچرا استعمال کیا گیا ہے، اس کی خاص بات ہے کہ اس کچرے کو دوبارہ استعمال کے قابل بنا کر ان سے روزمرہ زندگی میں کام لیا جا سکتا ہے۔

ان سات مجسموں کی تیاری میں پرانے موبائل فون، کمپیوٹر اور یہاں تک کہ ویکیوم کلینر بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ جی سیون اجلاس کے ایجنڈے میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحول دوست مستقبل کو ممکن بنانے پر غور شامل ہے اور اس فن پارے کا مقصدبھی الیکٹرانک کچرے سے ماحول کو لاحق خطرے کی طرف توجہ دلانا ہے۔

برطانیہ کے تفریحی مقام کونوال میں جی سیون سربراہ اجلاس کے موقع پر آنے والے سیاح الیکٹرانک کچرے کے مجسموں میں بڑی دلچسپی لے رہے ہیں۔ 9 جون 2021
برطانیہ کے تفریحی مقام کونوال میں جی سیون سربراہ اجلاس کے موقع پر آنے والے سیاح الیکٹرانک کچرے کے مجسموں میں بڑی دلچسپی لے رہے ہیں۔ 9 جون 2021

اس فن پارے کو امریکہ کی ماؤنٹ رشمور کی مناسبت سے ماؤنٹ ری سائیکل مور'Mount Recyclemore' کا نام دیا گیا ہے۔ ماؤنٹ رشمور میں امریکہ کے بانی پانچ صدور کے مجسمے پہاڑ پر تراشے گئے ہیں، جب کہ کورنوال میں جی سیون اجلاس میں شرکت کرنے والے سات رہنماؤں کے مجسمے بنائے گئے ہیں جن میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن، امریکی صدر جو بائیڈن اور جرمن چانسلر انگیلا مرکل شامل ہیں۔

امریکہ میں ماؤنٹ رشمور پر چٹانیں تراش کر پانچ بانی صدور کے مجسمے بنائے گئے ہیں۔
امریکہ میں ماؤنٹ رشمور پر چٹانیں تراش کر پانچ بانی صدور کے مجسمے بنائے گئے ہیں۔

فن پارے بنانے والے فن کاروں میں جو رش بھی شامل ہیں جنہیں الیکٹرانک ری سیل کمپنی میوزک میگ پائی نے اس کام کی ذمے داری دی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فن پارہ نقصان دہ الیکٹرانک کچرے سے نمٹنے کی ضرورت کی جانب توجہ دلانے میں کامیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مسئلے سے بطور اقوام نہیں، بطور نسل انسانی نمٹنا ہو گا۔

میوزک میگ پائی کے شریک بانی اور سی ای او اسٹیو اولیور نے کہا کہ ہر سال پانچ کروڑ 30 لاکھ ٹن الیکٹرانک کچرا پیدا ہوتا ہے اور اس میں جی سیون ملکوں کا حصہ 40 فیصد ہے۔

XS
SM
MD
LG