رسائی کے لنکس

یورپ میں کرونا وبا پھر سر اٹھانے لگی، مسلسل پانچویں ہفتے کیسز میں اضافہ


ماسکو کا ایک اسپتال۔ 19 اکتوبر، 2021ء۔ (فائل فوٹو)
ماسکو کا ایک اسپتال۔ 19 اکتوبر، 2021ء۔ (فائل فوٹو)

اقوامِ متحدہ کے ادارۂ برائے صحت نے متنبہ کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد پھر سے بڑھی ہے۔ سب سے زیادہ کیسز یورپ میں ریکارڈ ہو رہے ہیں جہاں لگاتار پانچ ہفتوں سے کرونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

متعدی امراض سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ میں ادارہ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں نئے کرونا کیسز میں تین فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، یورپ میں کیسز میں سب سے زیادہ چھ فی صد اضافہ دیکھا گیا جب کہ شمالی اور جنوبی امریکہ کے خطوں میں بھی کیسز کی تعداد بڑھی ہے۔

دوسری جانب مشرقی بحیرہ روم کے علاقے، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیاء میں کیسز کی تعداد بالترتیب 12 اور 9،9 فیصد گھٹی ہے۔

یورپ میں کیسز میں اضافے کی بڑی وجہ روس میں کووڈ کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہے۔ روس میں حکومت کی جانب سے کرونا وبا پر تشکیل دی گئی ٹاسک فورس نے بدھ کے روز ملک میں کرونا کے 40443 نئے کیسز اور 1189 اموات رپورٹ کیں۔

روس میں اب تک ریکارڈ ہونے والے کووڈ کیسز اور اموات کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کوویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ کوویکسین بھارت میں تیار ہونے والی پہلی ویکسین ہے جسے علمی ادارہ صحت کی جانب سے ہنگامی استعمال کے لئے منظور کیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کے ماہرین نے دو قسطوں میں دی جانے والی ویکسین کا جائزہ لیا ہے اور اسے 18 اور اس سے بڑی عمر کے افراد کو دیے جانے کی منظوری دی ہے۔ ادارے کے امیوںائزیشن ماہرین کے مشاورتی گروپ نے کوویکسین کو کرونا وبا کی علامات کے خلاف اٹہتر فیصد موثر پایا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کوویکسین کم اور درمیانے آمدنی والے ممالک کے لئے اتنہائی موزوں ہے، کیونکہ اسے محفوظ رکھنے کے لئے احتیاطی تدابیر آسان ہیں۔ ماہرین کے مطابق کوویکسین کو انتہائی کم درجہِ حرارت کے بجائے 2 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

[اس خبر کے لئے کچھ مواد خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سےلیا گیا ہے]

XS
SM
MD
LG