دنیا بھر میں کرونا وائرس سے زندگی کی بازی ہارنے والے افراد کی تعداد پچاس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونی ورسٹی کے کرونا وائرس ریسورس سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 24 کروڑ 67 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے اور اس وائرس سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد نصف کروڑ یعنی پچاس لاکھ کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ کرونا کیسز اور اموات امریکہ میں رپورٹ ہوئیں جہاں اب تک چار کروڑ 59 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد متاثر اور سات لاکھ 45 ہزار سے زائد انتقال کر چکے ہیں۔
کیسز کے اعتبار سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں دوسرا نمبر بھارت کا ہے جہاں مجموعی متاثرین کی تعداد اب تک تین کروڑ 42 لاکھ 85 ہزار سے زائد ہے۔
برازیل میں کیسز کی تعداد دو کروڑ 18 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے اور وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ البتہ برازیل اموات کے لحاظ سے دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کرونا سے متاثر
کرونا وائرس سے امریکہ میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی بھی متاثر ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جین ساکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتوار کو ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کے بقول انہوں نے منگل کو آخری مرتبہ صدر بائیڈن کو دیکھا تھا۔
آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں پابندیوں میں نرمی
دوسری جانب آسٹریلیا اور تھائی لینڈ نے 18 ماہ میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی سرحدی پابندیوں میں نرمی کر دی ہے۔
آسٹریلیا نے ویکسین لگوانے والے شہریوں کو آزادانہ نقل و حمل کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد لاکھوں آسٹریلوی بغیر اجازت نامے کے سفر کرنے میں آزاد ہیں یا انہیں ملک میں آمد کے موقع پر قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہو گی۔
تھائی لینڈ نے بھی 60 سے زائد ممالک بشمول چین اور امریکہ سے آنے والے ویکسی نیٹڈ مسافروں کو قرنطینہ فری سفر کی اجازت دی ہے جس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں سیاح تھائی لینڈ پہنچے ہیں۔
جنوبی کوریا میں ویکسین پاسپورٹ متعارف
جنوبی کوریا کی حکومت نے پیر سے ملک بھر میں کرونا وائرس کی کئی پابندیوں کو نرم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ البتہ وہاں نئے قواعد کا اطلاق کیا گیا ہے جس کا مقصد عوام کو 'کرونا کے ساتھ' زندگی گزارنے کی طرف لے کر جانا بتایا جاتا ہے۔
حکام کی جانب سے ویکسین پاسپورٹ متعارف کرایا گیا ہے جو زیادہ خطرے والی جگہوں جیسے جمز اور بارز کے لیے لازم ہو گا۔
نیوزی لینڈ میں پابندیوں میں توسیع
نیوزی لینڈ میں کرونا کیسز میں اضافے کے بعد آکلینڈ شہر میں مزید ایک ہفتے کے لیے کرونا پابندیوں کو بڑھا دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے پیر کو کہا کہ کرونا پابندیوں کو مزید ایک ہفتے کے لیے بڑھایا جائے گا لیکن اس کے بعد اس میں نرمی ہو گی۔
اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔