رسائی کے لنکس

بلنکن کی بلاول کو وزیرخارجہ بننے پر مبارکباد، دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال


فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ویب ڈیسک۔ امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا ہے اور انہیں بطور وزیرخارجہ ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیریٹری بلنکن نے افغانستان میں استحکا م اور دہشتگردی کے خلاف لڑنے میں امریکہ اور پاکستان کے پختہ عزم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو نے دونوں ملکوں کے درمیان جاری تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تغیر، توانائی، صحت اور تعلیم پر جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی بلاول بھٹو سے ٹیلی فونک گفتگو کو ایک ٹویٹ میں بیان کیا ہے۔

پاکستان کے نئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں انٹونی بلنکن کی طرف سے ٹیلی فون کال کی تصدیق کی ہے اور اس ٹویٹ میں امریکی وزیر خارجہ کی طرف سے نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ وزارت خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر (اینٹنی بلنکن کی طرف سے) پر جوش مبارکباد پر شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں رہنماوں نے باہمی مفاد اور احترم پر مبنی وسیع تر تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا، اور امن، ترقی اور سیکیورٹی کے امور پر مل کر آگے کی راہیں تلاش کرنے پر گفتگو کی۔

امریکہ سیکیورٹی معاملات پر کیسے تعلقات چاہتا ہے؟

امریکہ کے محکمہ خارجہ کی جانب سے گزشتہ روز بھی کہا گیا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کا خواہش مند ہے۔

محکمہ خارجہ نے وائس آف امریکہ کے اس سوال کے جواب میں کہ کیا ماضی کی طرح پاکستان اور امریکہ کے درمیان اب بھی دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں کسی قسم کے تعاون کی توقع کی جا سکتی ہے؟ ترجمان وزارت خارجہ کے دفتر نے تحریری جواب میں بتایا تھا کہ، ’’ ہم انسداد دہشت گردی پر پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں اور تمام عسکریت پسندوں اور دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلا امتیاز، مستقل کارروائی کی توقع رکھتے ہیں۔ ہم دونوں ممالک دہشت گردی کی لعنت سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ہم علاقائی اور عالمی دہشت گردی کے تمام خطرات کو ختم کرنے کے لیے تعاون پر مبنی کوششوں کے خواہاں ہیں۔''

موروثی سیاست کی تنقید کی زد میں رہنے والے بلاول کا سیاسی کریئر
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:44 0:00

پاکستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کے بارے میں محکمہ خارنہ نے مزید بتایا کہ' ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اورہميں باہمی دلچسپی کے شعبوں جیسا کہ انسداد دہشت گردی اور سرحدی سلامتی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔''

بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں اتحادی جماعتوں کی حکومت کی تشکیل کے بعد 27 اپریل کو ملک کے کم عمر ترین وزیر خارجہ کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ اس سے قبل یہ اعزاز کسی اور کو نہیں بلکہ بلاول بھٹو کے نانا، سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو حاصل تھا۔

بلاول بھٹو نے جب وزیر خارجہ کے طور پر حلف اٹھایا تو ان کی عمر اس وقت 33 سال، 7 ماہ اور 6 دن تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ اس سال آپس کے تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اور امریکہ اس تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہشمندہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ کے وزیر خارجہ نے بلاول بھٹو زرداری کو 18 مئی کو نیویارک میں گلوبل فوڈ سکیورٹی پر ہونے والے وزارتی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔ اسی طرح وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کو اس ماہ کووڈ نائنٹین پر منعقد ہونے والے دوسرے عالمی اجلاس میں شرکت کی بھی دعوت دی۔ یہ اجلاس ورچول ہو گا۔

XS
SM
MD
LG