الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کےسب سے بڑے شہر کراچی میں رواں ماہ 28 اگست کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کر دیے ہیں۔
انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت بدھ کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سندھ سے الیکشن کمیشن کے رُکن بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق محکمۂ موسمیات کے حکام سے مشاورت کے بعد کراچی میں بلدیاتی انتخابات غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے حیدرآباد، جام شورو، ٹندو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، دادو، ٹھٹھہ، بدین، مٹیاری اور سجاول میں بھی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ڈی جی محکمۂ موسمیات کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں 24 سے 28 اگست تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے باعث الیکشن ڈے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انسپکٹر جنرل سندھ پولیس نے رپورٹ دی ہے کہ پولیس اور انتظامی مشینری سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے میں مصروفِ عمل ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھی نفری کی ضرورت ہے۔ ایسے میں انتخابات کے دوران سیکیورٹی انتظامات کرنا مشکل ہو گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامی مسائل خصوصاً خواتین پولنگ عملے کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی بلدیاتی انتخابات کے لیے 4900 پولنگ اسٹیشنز میں فرائض سرانجام دینے کے لیے پولنگ عملے کے 63 ہزار افراد کو تعینات کیا جانا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 24 جولائی کو بھی بلدیاتی انتخابات بارشوں کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے۔