پاکستان کے سابق وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر ہم آئین کے مطابق کھیلیں گے۔
نجی ٹی وی چینل 'اے آر وائی نیوز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان ے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کی کوشش ہے کہ وہ اپنا آرمی چیف تعینات کریں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی نیت پر شک ہے کیوں کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے آرمی چیف کا فیصلہ نہیں کریں گے بلکہ وہ اپنی ذات کے لیے سوچ رہے ہیں کہ کس طرح عمران خان اور پی ٹی آئی کو ختم کرنا ہے۔
آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی اور انہوں نے فیصلہ کیا ہوا ہے کہ ہم آئین میں رہتے ہوئے کھیلیں گے۔
اس سوال پر کہ کیا آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ عدالت جاسکتا ہے؟ عمران خان نے اپنا موقف دہرایا کہ جو بھی ہوگا وہ آئین کے مطابق آگے بڑھیں گے۔
فوج کی سیاست میں مداخلت غیر آئینی ہے: آرمی چیف
پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج کی سیاست میں مداخلت غیر آئینی ہے۔
بدھ کو راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں پاکستان کے یومِ دفاع و شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ چھ سال پاکستان فوج کے سپہ سالار رہے ہیں۔
انہوں نے سن 1971 سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ مشرقی پاکستان ایک فوجی نہیں سیاسی ناکامی تھی، لڑنے والے فوجیوں کی تعداد 92 ہزار نہیں 34 ہزار تھی، جن کا مقابلہ ڈھائی لاکھ بھارتی فوج اور دو لاکھ تربیت یافتہ مکتی باہنی سے تھا۔
جے یو آئی (ف) کے حاجی غلام علی خیبرپختونخوا کے گورنر تعینات
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حاجی غلام علی کو خیبر پختونخوا کا گورنر تعینات کرنے کی ایڈوائس کر دی ہے۔
شہباز شریف کے دستخطوں کے ساتھ صدر عارف علوی کو ارسال کی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ 1973 کے آئین کی شق 101 کے تحت صدر کو تجویز کیا جاتا ہے کہ حاجی غلام علی کوصوبے کا گورنر مقرر کیا جائے۔
واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں شہباز شریف کے وزیرِ اعظم بننے پر صوبے کے گورنر شاہ فرمان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
اس کے بعد سے صوبائی اسمبلی کے اسپیکر قائم مقام گورنر تھے۔
حاجی غلام علی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے سمدھی بھی ہیں اور وہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں پشاور کے ضلعی ناظم بھی رہ چکے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق صدر مملکتِ نے وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر حاجی غلام علی کو گورنر خیبرپختونخوا بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی متعدد بار گورنر خیبرپختونخوا کے عہدے کی پیش کش رد کر چکی تھی: ثمر بلور
عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما ثمر ہارون بلور نے حاجی غلام علی کو گورنر خیبرپختونخوا بننے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اے این پی کو کئی مرتبہ اس عہدے کی پیش کش کی گئی تھی۔
اپنی ٹوئٹ میں ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ اے این پی اتحادیوں کو پہلے ہی واضح کر چکی تھی کہ وہ براہ راست تعیناتیوں والے عہدے قبول نہیں کرے گی۔