رسائی کے لنکس

امریکہ اور چین کا باہمی اختلافات دور کرنے کا عزم


زیورخ میں امریکی وزیر خزانہ جیٹ ییلن اور چین کے نائب وزیر اعظم لیو ہی کے درمیان ملاقات۔ 18 جنوری 2023
زیورخ میں امریکی وزیر خزانہ جیٹ ییلن اور چین کے نائب وزیر اعظم لیو ہی کے درمیان ملاقات۔ 18 جنوری 2023

امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن اور چینی نائب وزیر اعظم لیو ہی نے بدھ کو زیورخ میں ہونے والی ایک کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ آب و ہوا کی تبدیلی سے منسلک مالیاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے وہ مل کر کام کریں گے اور دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان رابطے کی لائنیں کھلی رکھیں گے۔

ییلن نے کانفرنس کے آغاز پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میں جب کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان مختلف شعبوں میں اختلافات موجود ہیں، یہ دونوں ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اختلافات کو دور کریں اور مسابقت کو تنازعات میں تبدیل ہونے سے روکیں۔

اس موقع پر چینی نائب وزیر اعظم لیو کا کہنا تھا کہ چین امریکہ کے ساتھ بات چیت اور تبادلہ برقرار رکھنے اور مشترکہ بنیاد تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن کی نومبر میں بالی میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد سے لیو کے ساتھ یلن کی بالمشافہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین رابطہ تھا۔

عالمی مالیاتی مرکز میں ہونے والی میٹنگ میں اس سال عالمی اقتصادی کساد بازاری کے خطرے اور قرضوں پر توجہ مرکوز رہنے کی توقع ہے۔خیال کیا جاتا ہے کہ امریکی وزیر خزانہ ییلن، چین کے نائب وزیر اعظم لیو کے ساتھ اپنی ملاقات میں بیجنگ پر زور دیں گی کہ وہ ان ممالک کو قرضوں میں ریلیف فراہم کرے جنہیں ڈیفالٹ کا خطرہ ہے ۔

بدھ کو زیورچ میں ہونے والی اعلیٰ سطحی کانفرنس امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان اس معاہدے کا نتیجہ ہے جو نومبر میں بالی میں جی ٹوینٹی سربراہی اجلاس میں دنیا کی دو اعلیٰ معیشتوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے طے پایا تھا۔

واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تجارت، انسانی حقوق اور تائیوان پر چین کے بڑھتے ہوئے دباؤ سمیت کئی معاملات پر حالیہ برسوں میں تعلقات تیزی سے کشیدگی کا شکار ہوئے ہیں ۔

گزشتہ سال، محکمہ تجارت نے قومی سلامتی، امریکی مفادات اور انسانی حقوق سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے درجنوں چینی ہائی ٹیک کمپنیوں، بشمول ہوابازی کا سامان، کیمیکلز اور کمپیوٹر چپس بنانے والی کمپنیوں کو ایکسپورٹ کنٹرول بلیک لسٹ میں شامل کر دیا تھا۔

تنازعات کے باوجود، ییلن نے کہا کہ وہ جلد ہی چین کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور چینی حکام کا امریکہ میں خیرمقدم کریں گی۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات رائٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔)

XS
SM
MD
LG