رسائی کے لنکس

صدر بائیڈن کی ریپبلکنز پر تنقید، اپنی ترقیاتی پالیسیوں پر چلنے کا عزم


صدر بائیڈن میری لینڈ کے ایک ٹاؤن ہال اجلاس میں تقریر کررہے ہیں۔ 15 فروری 2023
صدر بائیڈن میری لینڈ کے ایک ٹاؤن ہال اجلاس میں تقریر کررہے ہیں۔ 15 فروری 2023

صدر جو بائیڈن اپنے اقتصادی مشیروں کی نئی ٹیم کے ساتھ امریکی معیشت کی بحالی کے اپنے منصوبوں کے تحفظ کے لیے ریپبلکنز کی ان کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں جس کا مقصد حکومتی اخراجات میں کٹوتیاں کرنا ہے۔

ریپبلکنز قرضے کی امریکی حد میں، جو کہ 31.4 ٹریلین ڈالر ہے، اس وقت تک اضافہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں جب تک بائیڈن حکومتی اخراجات میں کمی پر راضی نہ ہوں۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ اخراجات میں کٹوتی سے متعلق بات چیت کے لیے صرف اسی وقت تیار ہو گی جب قرض کی حد بڑھائی جائے گی۔

اگرچہ اس وقت ملک میں بے روزگاری گزشتہ 53 برس کی کم ترین سطح پر ہے، لیکن اس بڑی کامیابی کے باوجود عوام میں بائیڈن کی مقبولیت کی شرح صرف 36 فی صد ہے۔ صدر بائیڈن کہتے ہیں کہ ری پبلکنز انتہائی امیروں، بڑی بڑی کمپنیوں اور بڑے دواسازوں کو فائدہ پہنچانے کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

ریاست میری لینڈ کے ایک قصبےلنہم میں ایک ٹاؤن ہال اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے ریپبلکنز پر الزام لگایا کہ وہ حکومت پر اخراجات میں کٹوتیاں کرنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں جب کہ ان کے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد سے قرضوں میں 3 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہو گا۔

بائیڈن کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ کے منصوبوں پر عمل کرنے سے امریکی قرضوں میں مزید 2 ٹریلین ڈالر کی کمی ہو گی، جب کہ اس کے علاوہ وہ 1.7 ٹریلین ڈالر کی کمی پہلے ہی کر چکے ہیں۔ اور وہ اپنے اس وعدے پر بھی قائم ہیں کہ سالانہ چار لاکھ ڈالر کمانے والوں کے ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

پچھلے مہینے ایوان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے، ریپبلکنز نے ان قوانین کو پلٹنے یا انہیں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات منظور کیے ییں جنہیں بائیڈن کی حمایت حاصل ہے۔

صدر بائیڈن اپنے سٹیٹ آف دی یونین خطاب سمیت اپنی تقاریر میں اپنی ترقیاتی پالیسیوں کے ذکر کے ساتھ ساتھ ری پبلکنز پر تنقید بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(اس خبر کے لیے معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں)

XS
SM
MD
LG