رسائی کے لنکس

غدر-ٹو سب سےزیادہ کمائی کرنے والی تیسری بھارتی فلم بن گئی


بھارتی سنیما گھروں میں ان دنوں اداکار سنی دیول کی فلم 'غدر-ٹو' کا راج ہے۔ 'غدر-ٹو' حال ہی میں ’کے جی ایف-ٹو' کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

'غدر-ٹو' 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم 'غدر' کا سیکوئل ہے جس میں اداکار سنی دیول نے ایک ٹرک ڈرائیور کا کردار ادا کیا تھا ان کے ساتھ اداکارہ امیشیا پٹیل نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

گیارہ اگست 2023 کو ریلیز ہونے والے غدر کے سیکول میں بھی مرکزی کاسٹ پہلے جیسی ہی ہے جب کہ فلم کی کہانی تارا سنگھ کے گرد گھومتی ہے جو پاکستان سے اپنے بیٹے کو ریسکیو کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

'غدر-ٹو' کی ہدایات انیل شرما نے دی ہیں کہ اسے 'زی اسٹوڈیوز' کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔

فلمی تجزیہ کار ترن آدرش نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ غدر ٹو، کے جی ایف ٹو کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تیسری فلم بن گئی ہے۔

ترن آدرش کے مطابق اس فہرست میں پہلے نمبر پر شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان ' ہے جب کہ دوسرے نمبر پر 'باہوبلی -ٹو' ہے۔

شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ بھی رواں برس جنوری میں ریلیز ہوئی تھی جب کہ ’باہو بلی-ٹو‘ اپریل 2017 میں سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔

بھارتی اخبار 'انڈیا ٹائمز' کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' نے بھارت بھر سے لگ بھگ 543 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا جب کہ 'باہوبلی ٹو' نے 511 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔

تیسرے نمبر پر موجود فلم 'غدر -ٹو' نے بھارت سے لگ بھگ 456.5 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ جب کہ کے جی ایف ٹو نے بھارت سے 435 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔

اس فہرست میں پانچویں نمبر پر عامر خان کی فلم 'دنگل' ہے۔

اب سب کی نظر بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم 'جوان' پر ہیں جو سات ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

فورم

XS
SM
MD
LG