رسائی کے لنکس

خاتون کھلاڑی کو بوسہ؛ فیفا نے اسپینش فٹ بال فیڈریشن کے صدر کو معطل کر دیا


فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اسپین کی فٹ بال فیڈریشن کے صدر لیوس روبیلس کو خاتون کھلاڑی کو ہونٹوں پر بوسہ دینے کے تنازع پر معطل کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فیفا نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا ہے کہ لیوس تین ماہ کے لیے معطل رہیں گے اور اس عرصے کے دوران وہ فٹ بال سے متعلق نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر کسی بھی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

فیفا کے مطابق لیوس پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں وومن ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دی تھی۔

اسپین کی جیت پر فیڈریشن کے صدر نے فاتح ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو کے ہونٹوں پر بوسہ دیا تھا۔

جینی نے فٹ بال فیڈریشن کے صدر کے اقدام پر ناپسندگی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد وومن ٹیم کی کھلاڑیوں نے لیوس سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

خواتین فٹ بالرز نے لیوس کے عہدے سے الگ ہونے تک قومی ٹیم کی طرف سے نمائندگی کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا تھا۔ تاہم لیوس نے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

اسپینش فٹ بال فیڈریشن نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ فیڈریشن کے صدر سے متعلق جینی ہرموسو کے بیان پر قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

ہرموسو نے جمعے کو کہا تھا کہ انہوں نے بوسہ لیے جانے کے لیے رضا مندی ظاہر نہیں کی تھی۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG