رسائی کے لنکس

'جب تک امریکہ ہے، اسرائیل کو اپنے دفاع کی ضرورت نہیں پڑے گی'


امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔ لیکن جب تک امریکہ قائم ہے اسرائیل کو اپنے دفاع کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

جمعرات کو تل ابیب آمد کے موقع پر اسرائیلی وزیرِ اعظم کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ "میں یہاں صرف امریکہ کے وزیرِ خارجہ کی حیثیت سے نہیں آیا، بلکہ ایک یہودی کے طور پر بھی آیا ہوں۔ میرے دادا روس میں نسل کشی سے بچ کر نکلے تھے، میرے سوتیلے والد نازی کیمپوں میں رہے۔"

امریکی وزیرِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ "میں سمجھ سکتا ہوں کہ حماس کی قتل و غارت نے اسرائیلی یہودیوں اور دنیا بھر میں یہودیوں پر کیا اثر ڈالا ہے۔"

اسرائیل حماس لڑائی کا چھٹا روز؛ اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟

فلسطینی عسکری تنظیم حماس کے اسرائیل پر حملے کا آج چھٹا روز ہے اور اس عرصے کے دوران دونوں طرف سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

لڑائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے عالمی رہنماؤں کے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور جنگ بندی کی اپیلیں بھی کی جا رہی ہیں۔

اسرائیل حماس لڑائی کی تازہ تریں صورتِ حال کچھ اس طرح ہے۔

  • امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن اسرائیل پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اسرائیلی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
  • دورۂ اسرائیل کے بعد اینٹنی بلنکن اردن جائیں گے جہاں وہ اردن کے بادشاہ سمیت فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے۔
  • اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی فورسز غزہ کی پٹی پر زمینی آپریشن کے لیے تیاری کر رہی ہیں لیکن آپریشن سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
  • اسرائیلی فوج نے غزہ سرحد کے قریب تین لاکھ ریزروز کو تعینات کر دیا ہے۔
  • اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں لگ بھگ تین لاکھ 40 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ ان افراد میں سے دو تہائی سے زیادہ اقوامِ متحدہ کے اسکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
  • اسرائیل کا کہنا ہے جب تک اس کے تمام یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا، اس وقت تک غزہ کی پٹی کے محاصرے میں انسانی بنیادوں پر کوئی وقفہ نہیں کیا جائے گا۔
  • سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے فلسطینی عسکریت پسند گروپ سے وابستہ سینکڑوں اکاؤنٹس کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا ہے۔
  • اسرائیل نے حماس سے لڑائی کے لیے اتحادی حکومت تشکیل دے دی۔
  • اسرائیل اور حماس کے ایک دوسرے کے خلاف حملے جاری ہیں۔
  • ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ۔ اسرائیل حماس لڑائی سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر تبادلہ خیال
  • امریکہ کے مطابق حماس کے حملوں میں اس کے 22 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
  • حماس کے مطابق فلسطینیوں کے محصور علاقے میں بجلی منقطع ہے۔
  • اسرائیل نے غزہ کی جانب خوراک، پانی، ادویات اور فیول کی سپلائی روک دی۔
  • اسرائیل کے مطابق حماس کے حملے میں اس کے 1200 شہری ہلاک ہوئے، غزہ کے مطابق اسرائیل کی فضائی کارروائی میں 1055 افراد مارے گئے ہیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں اداروں 'ایسوسی ایٹڈ پریس'، 'اے ایف پی' اور 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG