رسائی کے لنکس

  اسرائیلی فضائی حملوں پر مسلم ملکوں میں لاکھوں مسلمانوں کے مظاہرے


 قاہرہ میں مسجد الازہر کے باہر غزہ کے لوگو ں کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ ، فوٹو اے پی 20 اکتوبر 2023
قاہرہ میں مسجد الازہر کے باہر غزہ کے لوگو ں کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ ، فوٹو اے پی 20 اکتوبر 2023

دنیا بھر کے مسلمان ملکوں اور دوسرے مقامات پر جمعے کے روز ہزاروں لوگوں نے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار میں مظاہرے کیے ۔ انہو ں نے غزہ پر اسرائیل کی ناکہ بندی اور ان فضائی حملوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا جو وہ عسکریت پسند گروپ حماس کے جنگجووں کی جانب سے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد کر رہا ہے ۔

ادھر اٹلی کے شہر رو م سمیت کچھ اور شہروں کی یہودی برادریوں نے حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کے ساتھ یک جہتی کے لیے تقاریب منعقد کیں۔

مغربی کنارے میں مظاہرین نے نماز جمعہ کے بعد اسرائیلی فوجی چیک پوائنٹس کی طرف مارچ کیا ۔ اسی طرح وہ عراق میں اردن کے ساتھ ملک کی سرحدی گزرگاہ پر ، اردن میں ، مصر بھر کے مختلف مقامات میں ، ترکی کے دار الحکومت انقرہ اور اس کے سب سے گنجان آباد شہر استنبول میں ، اور انڈو نیشیا ، ملائیشیا ،مراکش اور جنوبی افریقہ میں اکٹھے ہوئے ۔

ان مظاہروں کی کچھ مزید تفصیلات یہ ہیں ۔

مغربی کنارہ

جمعے کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے اہم شہروں میں نماز جمعہ کے بعد مظاہرے پھوٹ پڑے ۔ فلسطینی مساجد سے امڈپڑے اور رملہ ، الخلیل ، اور بیت الحم میں اسرائیلی چیک پوائنٹس کی طرف بڑھے جہاں انہوں نے فوجیوں پر پتھراؤ کیا اور ٹائر جلائے ۔ اسرائیل سیکیورٹی فورسز نے جواب میں ان پر آنسو گیس پھینکی اور گولیاں چلائیں ۔

فلسطینی وزارت صحت نے رپورٹ دی ہے کہ فوجیوں کی گن فائرنگ میں 21 لوگ زخمی ہوئے ۔ سب سے زیادہ کشیدگی الخلیل میں ہوئی جہاں حماس کے سر گرم کارکنوں نے بڑے مظاہروں کی اپیل کی تھی۔

مصر:

مصر میں ہزاروں شہریوں نے غزہ میں فلسطینیوں کےساتھ اظہار یک جہتی کےلیے شمالی افریقہ کے اس پورے ملک کے شہروں اور قصبوں میں مظاہرے کیے ۔ ایک غیر معمولی اقدام میں مصری حکومت نے جمعے کو مظاہرین کو 27 مقامات پر اکٹھے ہونے کی اجازت دی اور انہیں ترتیب دینے تک میں مدد بھی کی ۔

مرکزی قاہرہ میں سینکڑوں لوگ قاہرہ کی مسجد الازہر کے احاطے میں اکٹھے ہوئے ۔ انہوں نے جمعے کی نماز کے بعد مسجد اقصی ٰ کے تحفظ کے حق میں نعرے لگائے ۔

قاہرہ کی الازہر مسجد میں غزہ کے لوگوں کے ساتھ یک جہتی کا ایک مظاہرہ، فوٹو اے پی 20 اکتوبر 2023
قاہرہ کی الازہر مسجد میں غزہ کے لوگوں کے ساتھ یک جہتی کا ایک مظاہرہ، فوٹو اے پی 20 اکتوبر 2023

بیسیوں مظاہرین تحریر چوک میں اکٹھے ہوئے جہاں احتجاج کی حکومت نے اجازت نہیں دی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے ان کے گرد گھیرا ڈالاہوا تھا۔ سرکاری ٹی وی نے ہر بڑے مصری شہر میں سرکاری مظاہروں کے مقامات سے مظاہرین کو پرچم لہراتے اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے دکھایا ۔

لبنان:

جنوبی بیروت کے ایک مضافاتی علاقے میں لبنانی عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے درجنوں حامیوں اور دوسرے لوگوں نے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے اور وہاں کے فلسطینیوں کی حمایت کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ کیا ۔

حزب اللہ کے قانون ساز علی عمار نے کہا کہ ہم غزہ کے ہیروز، غزہ کے لوگوں ، بوڑھوں ، مردوں ، عورتوں اور بچوں کو سیلوٹ کرتے ہیں۔ مظاہرین نے حزب اللہ ، لبنانی اور فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے ایک امریکی پرچم کو جلایا اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے ۔

ترکیہ:

ترکیہ میں جہاں حکومت نے غزہ ہسپتال میں ایک دھماکے کے متاثرین کے ساتھ یک جہتی کے اظہار میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا تھا، ہزاروں لوگوں نے استنبول اور دار الحکومت انقرہ میں نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر مظاہرے کیے ۔

استنبول میں اسلامی گروپس کے ساتھ منسلک مظاہرین نے ترک اور فلسطینی پرچم لہرائے ۔ انہو ں نے پلے کارڈ اٹھا ئے ہوئے تھے او ر وہ غزہ میں اسرائیل کی کارروائیوں کی مذمت میں نعرے لگا رہے تھے۔

استنبول میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ فوٹو اے پی،20 اکتوبر 2023
استنبول میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ فوٹو اے پی،20 اکتوبر 2023

کچھ پلے کارڈز پر لکھا تھا” قتل عام بند کرو ” اور” قاتل اسرائیل فلسطین سے نکل جاؤ۔” ڈاکٹروں کے خون آلود کوٹ پہنے ایک درجن مرد ہسپتال کے دھماکے پر احتجاج کرتے ہوئے شیر خوار بچوں کی لاشوں کے طور پر گڑیاں اٹھائے ہوئے تھے جب کہ کچھ مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ایک پتلے اور ایک اسرائیلی پرچم کو نذر آتش کیا۔

اس ہفتے کے شروع میں ہونے والے مظاہروں کے برعکس جمعے کے مظاہروں میں تشدد کے کسی واقعے کی رپورٹ نہیں ملی۔

عراق:

عراق میں سینکڑوں مظاہرین اردن کے قریب مغربی تریبلی سرحدی گزر گاہ پر اس مظاہرے کے لیے اکٹھے ہوئے جسے ایران کی پشت پناہی کے حامل سیاسی گروپس اور عراق میں قائم ملیشیاؤں کے ایک اتحاد نے ترتیب دیا تھا۔

ایران نواز اتحاد نے بغداد میں انتہائی حفاظتی بین الاقوامی زون کی ایک مرکزی گیٹ کے قریب بھی ایک مظاہرے کی اپیل کی تھی جہا ں امریکی سفارت خانہ واقع ہے تاکہ اسرائیل اور حماس کے ساتھ جاری جنگ کی توثیق پر اس کی مذمت کی جا سکے

اردن:
حماس کے حامی مظاہرین کااردن کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم ہواا جنہوں نے انہیں مقبوضہ مغربی کنارے کے ساتھ واقع سرحد کی طرف مارچ سے روکا تھا اور پولیس نے کم از کم دو افراد کو گرفتار کیا۔ سرحد جانےوالی تمام سڑکیں بند تھیں اور چند ہزار لوگوں کو دار الحکومت عمان اور سرحد کےدرمیان ایک علاقے میں مظاہرے کی اجازت دی گئی تھی۔

مظاہرین نے حماس کے حق میں نعرے لگائے اور سرحد تک رسائی بند کرنے پر اردن کی حکومت کی مذمت کی۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اسرائیل کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات منقطع کر لیے جائیں اور اس کے سفیر کو اردن سے نکال دیا جائے۔

مراکش:

مراکش کے علاقے صالے میں مظاہرین نے، نماز کے بعد ایک مسجد کے باہر بینرز کے ساتھ فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے۔

مظاہرین میں سے ایک نے کہا کہ اسے امید ہے کہ یہ پر امن اجتماع غزہ کے لوگوں کی مدد کرے گا۔ اس نے کہا ، ہم کم از کم یہ چاہتے ہیں کہ ان تک دوائیں پہنچ سکیں یا جنگ روک دی جائے ۔ اس نے کہا کہ فلسطینیوں کے حمایت میں مظاہروں کو تشد د کے بغیر اور قانون کے دائرے کے اندر کیا جانا چاہیے ۔

ملائیشیا اور انڈو نیشیا

ملائیشیا میں لگ بھگ ایک ہزار مسلمانوں نے نما ز جمعہ کے بعد کوالالمپور کی مصروف سڑکوں پر اسرائیل کو سرزنش اور غزہ میں ہلاکتیں بند کرنے کے مطالبے کرتے ہوئے مارچ کیا۔

انڈو نیشیا کے دار الحکومت جکارتہ میں مظاہرین نے اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کی مذمت کے لیے کئی مساجد سے امریکی سفارت خانے تک مارچ کی۔

ایسے ہی مظاہرے سفارت خانے سے کچھ فاصلے پر واقع اقوام متحدہ کے مشن کے سامنے اور انڈو نیشیا کی وزارت خارجہ کے احاطے میں بھی ہوئے ۔

جکارتہ انڈو نیشیا میں فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کا ایک مظاہرہ فوٹو اے پی 20 اکتوبر 2023
جکارتہ انڈو نیشیا میں فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کا ایک مظاہرہ فوٹو اے پی 20 اکتوبر 2023

سفارت خانے اور قریب واقع صدارتی محل اور اقوام متحدہ کے مشن کے گرد لگ بھگ ایک ہزار پولیس اہلکار متعین تھے ۔

اٹلی

روم کی یہودی کمیونٹی نے دار الحکومت کے مرکزی سینیگاگ کے باہر ایک روائتی ڈنر ٹیبل پر ان لگ بھگ 203 لوگوں کو یاد کیا جن کے بارے میں خیال ہے کہ انہیں حماس نے یرغمال بنایا ہوا ہے ۔۔ میز کے سامنے ہر یرغمال کےلیے ایک خالی کرسی رکھی گئی تھی۔

ہر کرسی کے پیچھے ایک فلائر پر ہر لا پتہ شخص کا نام ، عمر اور فوٹو موجود تھا۔ میز پر موم بتیاں ، وائن اور جمعے کے ڈنر پر تناول کیے جانےوالے دوسرے روائتی کھانے رکھے گئے تھے ۔

روم ، اٹلی میں یہودی کمیونٹی کے سر براہ وکٹر فدلون غزہ میں اسرائیلی یرغمالوں کی حمایت میں 203 اسرائیلی ،یرغمالوں کی حمایت میں روم کے ایک سینیگاگ کے سامنے ترتیب دی گئی ایک روائتی ڈنر ٹیبل کے سامنے فوٹو اے پی ،20 اکتوبر 2023
روم ، اٹلی میں یہودی کمیونٹی کے سر براہ وکٹر فدلون غزہ میں اسرائیلی یرغمالوں کی حمایت میں 203 اسرائیلی ،یرغمالوں کی حمایت میں روم کے ایک سینیگاگ کے سامنے ترتیب دی گئی ایک روائتی ڈنر ٹیبل کے سامنے فوٹو اے پی ،20 اکتوبر 2023

روم کی یہودی کمیونٹی کے سر براہ وکٹر فدلون نے کہا کہ فلسطینی لوگ بھی مصیبت کا شکار ہیں اور حماس کے یرغمال ہیں ۔ اور ہمیں امید ہے کہ ہر ایک کے لیے کوئی مناسب حل سامنے آئے گا۔

جنوبی افریقہ

جنوبی افریقہ کی افریقی نیشنل کانگریس کی زیر قیادت فلسطینیوں کے حامی مظاہرین نے جمعے کے روز دار الحکومت پریٹوریا میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کیا ۔

جنوبی افریقہ میں فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کا ایک مظاہرہ ، فوٹو رائٹرز 20 اکتوبر 2023
جنوبی افریقہ میں فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کا ایک مظاہرہ ، فوٹو رائٹرز 20 اکتوبر 2023

فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے اور غزہ پر اسرائیل کی بمباری کی مذمت کے بینرز اٹھائے ایک ہزار سے زیادہ مظاہرین نے سڑکوں پر مارچ کرتے ہوئے ٹریفک کو مفلوج کر دیا۔جنوبی افریقہ میں یہ ایسا سب سے بڑا مظاہرہ تھا جہاں فلسطینی نصب العین کو مسلسل نمایاں حمایت حاصل رہی ہے ۔

اسی دوران جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کے دفتر نے بتایا ہے کہ صدر ہفتے کو قاہرہ میں مصری صدر عبد ل فتح السیسی کی دعوت پر مصر میں امن پر ایک سر براہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ اس اجلاس میں توقع ہے کہ اسرائیل اور غزہ میں جاری جنگ پر بات چیت ہوگی ۔

( اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔)

فورم

XS
SM
MD
LG