رسائی کے لنکس

سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے میں مبینہ ریپ اور تشدد کی تحقیقات


اسرائیل کے جنوبی حصے میں حماس کے کارکن حملے کے دوران نعرے لگا رہے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023
اسرائیل کے جنوبی حصے میں حماس کے کارکن حملے کے دوران نعرے لگا رہے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023

اقوام متحدہ کے ماہرین نے پیر کے روز 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کے دوران اسرائیلی شہریوں کے خلاف جنسی تشدد کے الزامات کے شواہد طلب کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ریپ اور جنسی اعضا کو مسخ کرنے کے ثبوت انسانیت کے خلاف ممکنہ جرائم بن سکتے ہیں۔

اسرائیلی حکام نے اسرائیل پر اپنی تاریخ کے سب سے زیادہ ہلاکت خیز حملے کے دوران ممکنہ جنسی جرائم کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ حماس نےاس طرح کے واقعات کی سختی سے تردید کی ہے۔

اقوام متحدہ کے مقرر کردہ دو غیر جانبدار ماہرین نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریپ اور جنسی تشدد کے واقعات سے متعلق شواہد میں اضافہ خاص طور پر پریشان کن ہے۔

بیان میں اسرائیل کی جانب سےجنسی تشدد کے الزامات کا حوالہ دیا گیا جن میں ریپ اور اجتماعی جنسی زیادتی کے ساتھ ساتھ جنسی اعضا کو مسخ کرنے اور ان پر گولیاں مارنے کے الزامات بھی شامل ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کے دائرے میں آتی ہیں، جو کہ جنگی جرائم کے مترادف ہیں۔

ماہرین کا مزید کہناتھا کہ ان حملوں میں متاثرین کی تعداد اور اس سلسلے میں وسیع تر قبل ازوقت منصوبہ بندی کے پیش نظر یہ واقعات انسانیت کے خلاف جرائم میں شامل ہو سکتے ہیں۔

ماہرین نے مزید کہا کہ یہ ہر متاثرہ فرد کا استحقاق ہے کہ اس سے ہونے والی زیادتیوں کو تسلیم کیا جائے ، چاہے اس کی نسل، مذہب یا جنس کچھ بھی ہو، اور ہمارا رول یہ ہے کہ ہم ان کی آواز بنیں۔

جنیوا میں اسرائیل کے سفارتی مشن نے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔ سفارتی مشن نے کہا ہے کہ پوری بین الاقوامی برادری کو حماس کی سفاکانہ اور دہشت گرد نوعیت کو مکمل طور پر تسلیم کرنا چاہیے، اور اس کی ذمہ داری فلسطینی اتھارٹی سمیت ان لوگوں پر عائد ہوتی ہے جو برسوں سے انہیں تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔

اس سے قبل اسرائیل نے یہ کہتے ہوئے عالمی ادارے پر تنقید کی تھی کہ اس نے مبینہ جرائم کے بارے میں زیادہ سے زیادہ شواہد کے حصول اور اس مسئلے کے حل کے لیے کافی کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ تشدد اور ہلاکتوں کے امور کے دو ماہرین ، ایلس جِل ایڈورڈز اور مورس ٹڈ بال بنز نے حماس کے حکام کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا ہے۔

انہوں نے اسرائیل کی حکومت کو بھی اپنے تفتیش کاروں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے لکھا ہے۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد رائٹڑز سے لیا گیا ہے)

فورم

XS
SM
MD
LG