رسائی کے لنکس

پاکستان میں الیکشن؛ 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز ملک بھر کے انتخابی حلقوں میں پہنچا دیے گئے ہیں۔

13:15 5.2.2024

دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، نگراں وزیرِ داخلہ

نگراں وفاقی وزیرِ داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس تھانے پر حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز کے مطابق پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں اتوار کی شب دہشت گردوں کے پولیس اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں دس اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوئے تھے۔

13:02 5.2.2024

پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ (ن) سے اتحاد مشکل ہے: بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد ان کی جماعت مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار کم کرنے کے لیے پہلا قدم سیاست دانوں کو اٹھانا ہوگا۔ وائس آف امریکہ کے نمائندے علی فرقان سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنما اختلافات کو سیاست تک محدود رکھیں، اس کو ذاتی دشمنی نہ بنائیں۔ بلاول بھٹو کی گفتگو سنیے۔

09:59 5.2.2024

بیلٹ پیپرز کی ترسیل آج مکمل ہو جائے گی: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی ترسیل آج بروز پیر مکمل کر لی جائے گی۔

کمیشن نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا ہے کہ عام انتخابات کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام 859 انتخابی حلقوں کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق 2018ء کے عام انتخابات میں 22کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی پر 800 ٹن اسپیشل سیکیورٹی کاغذ استعمال ہوا تھا اور آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کے لیے 26کروڑ بیلٹ کی چھپائی پر 2170ٹن کاغذ استعمال ہوا ہے جس کی بڑی وجہ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی بڑی تعداد ہے جوکہ2018ء کے انتخابات کے مقابلے میں ڈیڑھ گنا زیادہ ہے۔

09:31 5.2.2024

ڈی آئی خان: تھانے پر حملے میں 10 پولیس اہلکار ہلاک

فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں تھانے پر مبینہ دہشت گردوں کے حملے میں ایک افسر سمیت 10 پولیس اہلکار ہلاک جب کہ چھ زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق تحصیل درابن میں رات تین بجے ایک تھانے پر مبینہ دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے کارروائی میں دستی بموں کا استعمال کیا جب کہ فائرنگ بھی کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں کی کارروائی میں ڈیڑھ درجن اہلکار نشانہ بنے ہیں۔ متعدد زخمیوں کو مقامی سرکاری اسپتال بھی منتقل کیا گیا ہے۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی کوئیک رسپانس فورس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور رات کی تاریکی میں باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔ البتہ پولیس یہ معلوم کرنے میں ناکام رہی کہ حملہ آور کس سمت سے آئے تھے اور کس سمت میں فرار ہوئے۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG