دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، نگراں وزیرِ داخلہ
نگراں وفاقی وزیرِ داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس تھانے پر حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز کے مطابق پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں اتوار کی شب دہشت گردوں کے پولیس اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں دس اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوئے تھے۔
مری میں مسلم لیگ (ن) نے پنڈال سجا لیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مری میں انتخابی میدان سجا لیا ہے جہاں پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد موجود ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اب سے کچھ دیر بعد جلسے سے خطاب کریں گے۔ مری میں ان کا بارہ سال بعد کسی جلسے سے خطاب ہو گا۔
کراچی: بلاول کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی ریلی
کراچی میں بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی ریلی اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔
بلاول ہاؤس سے شروع ہونے والی ریلی شیریں جناح کالونی، کیماڑی، لی مارکیٹ اور پاک کالونی سے ہوتے ہوئے داؤد چورنگی پر اختتام پذیر ہو گی۔
پیپلز پارٹی کی ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہیں اور خصوصی ٹرک پر سوار بلاول بھٹو زرداری جگہ جگہ رک کر خطاب کر رہے ہیں۔
تحریکِ انصاف کا بنوں میں پاور شو
پاکستان تحریکِ انصاف بنوں میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور جلسے میں شرکت کے لیے پارٹی کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔