غیر حتمی اور غیر سرکاری ابتدائی نتائج آنے کا سلسلہ جاری
پاکستان میں عام انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ مقامی میڈیا کی جانب سے کچھ پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری ابتدائی نتائج دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جیسے ہی متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے نتائج آئیں گے، انہیں جاری کر دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز اور موبائل فون بند ہونے سے نتائج آنے کا عمل متاثر نہیں ہو گا۔
وزارتِ داخلہ کا جلد پاکستان بھر میں موبائل فون سروس بحال کرنے کا اعلان
عام انتخابات کے پُر امن انعقاد پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں: ترجمان پاکستان فوج
پاکستان فوج کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں ملک میں انتخابات کے 'پرامن اور تشدد سے پاک' انعقاد پر مبارک باد پیش کی گئی ہے۔
جمعرات کو افواجِ پاکستان کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے مقدس انتخابی عمل کے دوران سول اداروں کے ساتھ مل کر سیکیورٹی فراہم کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے دوران ملک بھر میں ایک لاکھ 37 ہزار فوجی اہلکاروں نے اپنے فرائض سرانجام دیے۔
پاکستان میں الیکشن نتائج آنا شروع، فارم 45 اہم کیوں ہے؟
فارم 45 کیا ہوتا ہے؟
پولنگ ختم ہونے کے بعد جب بیلٹ بکس نکالے گئے ووٹوں کی گنتی کے بعد پولنگ اسٹیشن پر موجود پریزائیڈنگ افسر امیدواروں کو حاصل ہونے والے ووٹوں کی تعداد ان کے انتخابی نشان کے ساتھ فارم 45 پر درج کردیتا ہے۔
فارم 45 پر پولنگ اسٹیشن کا نتیجہ ہوتا ہے جس میں اس اسٹیشن کے کل رجسٹر شدہ ووٹوں کی تعداد، ہر امیدوار کو پڑنے والے ووٹوں، منسوخ شدہ ووٹ اور ٹینڈر ووٹس وغیرہ کی تعداد درج کی جاتی ہے۔
اس فارم کو تیار کرنے کے بعد پریزائیڈنگ افسر، سینئر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اس پر دستخط کرنے ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی پولنگ افسران کو الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق امیدوار، الیکشن ایجنٹس یا پولنگ ایجنٹس سے بھی فارم 45 پر دستخط کرانا ہوتے ہیں۔ یہ کارروائی نتائج کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کی جاتی ہے۔