ہمیں 150 سیٹوں پر برتری حاصل ہے: بیرسٹر گوہر علی خان کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف کے عہدے دار بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں انتخابات میں 150 نشستوں پر برتری حاصل ہے اور وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ دو صوبوں میں اپنی حکومتیں قائم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی جماعت سے اتحاد کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔لیکن نون لیگ اور پیپلز پارٹی سے اتحاد نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 15 فی صد گنتی کی بنیاد پر کوئی نتیجہ اخذ کرنا درست نہیں ہے۔
ریٹرننگ افسر رات دو بجے تک الیکشن کمشن کو نتائج فراہم کرنے کے پابند ہیں: الیکشن کمشن
پاکستان الیکشن کمشن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق تمام ریٹرننگ افسران رات دو بجے تک الیکشن کمیشن کو نتائج فراہم کرنے کے پابند ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ رات دو بجے کے بعد ریٹرننگ افسران اگلی صبح دس بجے تک نتائج پہنچا سکتے ہیں لیکن انہیں رات دو بجے کے بعد ہونے والی تاخیر کی وجوہات بتانا ہونگی۔
اس وقت تک الیکشن کمیشن آٹھ گھنٹوں سے زیادہ وقت گزرنے کے بعد ایک بھی حلقہ کے نتیجہ کا اعلان نہیں کرسکا۔ ایسی صورت میں الیکشن کمیشن اور انتخابات کے نتائج کی ساکھ پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔
پاکستان الیکشن کمشن نے پہلے انتخابی نتیجے کا اعلان کر دیا
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اسےپشاور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 30 کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ موصول ہو گیا ہے
اعلان میں بتایا گیا ہے کہ آزاد امیدوار شاندانہ گلزار 78971 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئی ہیں۔شاندانہ گلزار پی ٹی آئی کی حمیات یافتہ امیدوار ہیں۔
بلوچستان سے اختر مینگل کامیاب ہو گئے
بی این بی کے رہنما اختر مینگل قومی اسمبلی کے حلقہ 161 سے 3404 ووٹ حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہے جب کہ ان کے مدمقابل بی پی بی کے رہنما ثنااللہ زہری نے 2871 ووٹ حاصل کیے ۔