رسائی کے لنکس

ٹرمپ کی ایک اور کامیابی؛ ساؤتھ کیرولائنا پرائمری میں نکی ہیلی کو شکست


ڈونلڈ ٹرمپ، فائل فوٹو
ڈونلڈ ٹرمپ، فائل فوٹو

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن صدارتی اُمیدوار نکی ہیلی کو ساؤتھ کیرولائنا کے ری پبلکن پرائمری مقابلے میں باآسانی شکست دے کر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔

ماہرین کے مطابق ساؤتھ کیرولائنا سے کامیابی کے بعد ٹرمپ کے لیے تیسری مرتبہ صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں صدارتی امیدوار کے لیے دونوں بڑی سیاسی جماعتیں انٹرا پارٹی انتخابات کے ذریعے صدارتی امیدوار نامزد کرتی ہیں جنہیں مقامی سطح پر پرائمری کہا جاتا ہے۔

ٹرمپ اس سے قبل آئیوا، نیو ہیمپشر اور یو ایس ورجن آئی لینڈز سے پرائمری انتخابات جیت چکے ہیں۔

نکی ہیلی کا صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دست بردار ہونے سے انکار

ساؤتھ کیرولائنا سے شکست کے باوجود نکی ہیلی نے صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دست بردار ہونے سے انکار کیا ہے۔ نکی ہیلی 2011 سے 2017 کے دوران ساؤتھ کیرولائنا کی گورنر بھی رہ چکی ہیں۔

ساؤتھ کیرولائنا کے نتائج کے بعد رواں برس صدارتی انتخابات میں صدر جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ایک بار پھر مقابلے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں نکی ہیلی اقوامِ متحدہ میں بطور امریکی سفیر تعینات تھیں۔

نکی ہیلی کی مہم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پانچ مارچ کو سپر ٹیوزڈے تک دوڑ میں شامل رہیں گی جب 16 ریاستیں ایک ہی دن ووٹ ڈالیں گی۔

وائٹ ہاؤس میں ایک ہی مدت پوری کرنے والے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2020 کے صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم ٹرمپ ایک مرتبہ پھر انتخابات میں ری پبلکن جماعت کی جانب سے صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔

اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG